• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگھو پیر کا میلہ سرکاری سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محکمہء ثقافت و سیاحت سندھ نے منگھو پیر کا میلہ سرکاری سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ ماہ فیض احمد فیض اور سبطِ حسن پر سیمینار کروانے کا بھی اعلان کیا ہے، ناظم آباد میں غالب کے نام سے منسوب لائبریری کی مرمت و بحالی کے لئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید سردار علی شاہ کے زیر صدارت محکمہء ثقافت کی ایڈوائیزری کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ثقافت، غلام اکبر لغاری، جبکہ ایڈوائیزری کمیٹی کی ممبران ڈاکٹر شیر مہرانی، فاضل جمیلی، ڈاکٹر ایوب شیخ، مسلم شمیم، گل حسن کلمتی، کوثر برڑو ، عبدالحمید بھٹو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ثقافت  نے کہا کہ عام طور پر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ محکمہ ثقافت کے پروگرام یکسانیت کا شکار ہیں، کوئی بھی معاملہ جب تک میڈیا پر نہیں آتا تب تک اس پر کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آتا لیکن اب ہمیں اس تاثر کو تبدیل کرنا ہے اور محکمہ کی جانب سے نظرانداز شخصیات، موضوعات اور دیگر کاموں کو اولیت دینی ہے اور دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا پڑے گا۔ وزیرِ ثقافت نے ایڈوائیزری کمیٹی کو تجویز دی کے وہ آئندہ تین ماہ کے لئے اپنا کلینڈر تیار کر لیں جن میں اسٹیج ڈرامے، سیمینارز، کانفرنسز، روایتی کچھریاں اور مشاعروں سمیت ثقافت سے متعلق تمام لوازمات کا احاطہ ہو اور تمام پروگراموں کے موضوعات صرف علم و ادب ہی نہیں بلکہ آثارے قدیمہ، تاریخ، دستکاری سمیت دیگر شعبا جات بھی شامل ہوں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوری 2017 میں پہلی بار سندھی اردو مچ مشاعرہ بھی کروایا جائے گا، نامور گلوکارہ تصور خاتم اور روبینہ قریشی کے ساتھ شام بھی منائی جائے گی جبکہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر جمیل جالبی ، یوسفی صاحب اور دیگر ادبی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
تازہ ترین