پشاور ( نیوزڈیسک ) دنیا بھر کی طرح پشاور میں بھی ورلڈ پولیو ڈے منایا گیا۔اس سلسلے میں مسلم ایجوکیشن کمپلیکس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی ڈاکٹر اکرام ، ڈاکٹر شیراز، یو سی او محمد ندیم، مولانا جہانزیب اور مولانا لیاقت نے شرکت کی۔تقریب یونیسف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اکرام نے کہا کہ دنیا سے تقریباً پولیو کا وائرس ختم ہو چکا ہے اور اب صرف 2ممالک میں موجود ہیں جو بدقسمتی سے اُن 2 ممالک میں سے پاکستان بھی نمایاں ہے اور پاکستان میں بھی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاقوں میں موجود ہے۔ سندھ اور پنجاب میں بھی کافی حد تک ختم ہو چکا ہے بحیثیت پشتون قوم ہمیں بہت محنت کرنی ہوگی اور پولیو وائرس کو ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ مولانا جہانزیب نے بتایا کہ اسلام میں وہ دوائی حلال ہے جو انسان کی صحت یابی کیلئے کام کرتی ہو۔ بعدازاں سکول کے طلباء کے ساتھ پولیو واک میں بھی شرکت کی۔