• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو خطرناک مرض ہے،وفاقی حکومت سے مل کر اس کا خاتمہ کریں گے، مراد علی شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ، پولیو ایک خطرناک مرض ہے، جسے سندھ اور وفاقی حکومت ملکر ختم کریں گی اس سال 83 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے ہیں، صوبائی مالیاتی کمیشن کا قیام عمل میں نا آنے وجہ سے بلدیاتی اداروں میں مالیاتی معاملات ہیں، ہمیں اہنے شہیدوں پر ناز ہے، پاکستان تحریک انصاف کو سلام شہدا ریلی جیسی ریلی نکالنے کیلئے اب وقت لگے گا۔ پولیو کے عالمی دن پر سندھ حکومت کی جانب سے پیرکو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاھ نے ابراہیم حیدری پہنچ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر چار روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا چاہتی ہے، ہم اپنے شہیدوں پر ناز کرتے ہیں، احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کو سلام شہدا ریلی جیسی ریلی نکالنے کیلئے اب وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ اب تک صوبائی مالیاتی کمیشن کی تشکیل نہیں ہوسکی جس کے باعث بلدیاتی اداروں کو مالی مسائل درپیش ہیں، جلد ہی صوبائی مالیاتی کمیشن بنایا جائے گا۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اسپتالوں میں طبی و غیر طبی عملے اور ڈاکٹرز کی کمی سے متعلق خامیاں ختم کرنا چاہتے ہیں، صوبے بھر میں بھرتیوں پر سے پابندی اٹھا لی گئی ہے، 3 سے 6 ماہ میں پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی ختم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو موذی مرض ہے اور ہمیں اس کاخاتمہ کرنا ہوگا، وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر پولیو کا خاتمے کرنا چاہتے ہیں، مہم کے دوران صوبے بھرکے 83 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا ہے جب کہ کراچی کے22 لاکھ بچوں کوپولیوسے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، اس کے لیے 46 ہزار ورکرز کام کررہے ہیں۔ والدین سے درخواست ہے کہ 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اعتراض تھا پولیو ویکسین درست نہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرزکو پولیو ویکسین کے رنگ سے متعلق بھی تربیت دی ہے کیونکہ اگر پولیو ویکسین کا رنگ تبدیل ہوجائے تو وہ موثر نہیں رہتی۔گٹکے پر پابندی کے حوالے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کے کراچی ٹھٹھہ اور بدین سمیت کئی ایسے علاقے ہیں جہاں کے لوگ گٹکا، مین پڑی اور دیگر نشہ آور اشیا کے عادی بن چکے ہیں اب ان کو نشہ چھڑانہ ہے۔
تازہ ترین