• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری اقتصادی مفادات کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں نظرانداز نہ کرے، سردار مسعود

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، عالمی برادری اقتصادی مفادات کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں نظر انداز نہ کرے، یواین قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالا جائے، کشمیری جماعتوں کا ایک نکتے پر متحد ہونا پڑے گا، وہ جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے ہفتہ کشمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جوکہ بریڈ فورڈ قونصلیٹ میں منعقد ہوئی۔ جس میں ممبران پارلیمنٹ ناز شاہ، جیوڈتھ، کومن، لارڈ نذیر احمد، سابق فیڈرل سینٹر میجر طاہر اقبال کے علاوہ تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمن خان، بریڈ فورڈ کونسل کی لیڈر سوزان ہنچکلف نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی اور سیاسی جماعتوں کو کشمیر کے ایک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا اور وہ ایجنڈ حق خودارادیت ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا واویلا بے بنیاد ہے بلکہ بھارت نے خود دہشت گردی کی انتہا کر رکھی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے نہتے کشمیری مسلمانوں پر سنگین ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی روا رکھے ہوئے ہے اور اپنی8لاکھ افواج کے ذریعے وحشیانہ کارروائیاں کرتے ہوئے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنا دہرا معیار ترک کرے، اپنے مفادات کو اقتصادی پلڑے میں تولنے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کوئی بھیک نہیں مانگ رہےبلکہ وہ اپنا حق خودارادیت جو ان کا پیدائشی حق ہے وہ مانگ رہے ہیں۔ صدر سردارمسعود خان نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوجائیں، اگر سب کی ایک آواز ہوگی تو بھارت مجبور ہوگا کہ وہ بین الاقوامی برادری کو جواب دے۔ اس موقع پر ناز شاہ ایم پی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ غیر جانبدار وفد کو کشمیر میں جانے کی اجازت دے تاکہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھاجاسکا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے لیے بھرپور آواز بلند کرتی رہیں گی۔ تقریب کے اغاز میں قونصل جنرل احمد امجد علی نے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش پاکستانی برطانیہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔ اس موقع پر ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے کشمیریوں پر مظالم دکھائے گئے۔ اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانہ کی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے پاکستان اور آزاد سے آنے والے ہر لیڈر کی پذیرائی کی ہے۔ بدلے میں برٹش پاکستانی اور کشمیریوں کے وطن میں ان کے مسائل بھی حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے راجہ فاروق حیدر کی جانب سے شہبازشریف کی طرح اوورسیز کمیشن بنانے کا خیرمقدم کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پارلیمانی گروپ کے وفد کے جانے کا بندوبست کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی سماجی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ بالخصوص برطانیہ کے ڈاکٹر جو آنکھوں کے ماہر ہیں، انہیں مقبوضہ کشمیر کے ان نوجوانوں کے علاج کے لئے جانے کی اجازت کے لیے بھارت پر دبائو ڈالا جائے جوکہ بھارتی افواج کی پیلٹ گنوں کا نشانہ بنے اور اپنی بینائی کھو بیٹھے۔ انہوں نے بھی کشمیری کمیونٹی کو متحد ہونے کی اپیل کی۔ سابق فیڈرل منسٹر میجر طاہر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت جو سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کررہا ہے، اس کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آنے کے باوجود بین الاقوامی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا خون اتنا سستا نہیں کہ وہ بھارت کو کھلی چھٹی دے دیں۔ انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ بھارتی افواج کے مظالم کو اپنے خطوط کے ذریعے اپنے اپنے حلقے کے ممبر پارلیمنٹ تک پہنچائیں اور انہیں اپنا کردار ادا کرنے پر مجبور کریں۔ تقریب کے میزبان اور تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے صدر آزاد کشمیر کو بریڈ فورڈ میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے خاندان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار ابراہیم خان سے لے کر صدر مسعود خان تک مسئل کشمیر کے حوالے سے ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بغیر کسی سیاسی وابستگی کے مسئلہ کشمیر پر ہم سب متحد ہوجائیں اور ایک ہی آواز بلند کریں۔ تقریب سے ممبر پارلیمنٹ جیوڈتھ کومن، کونسل آف بریڈ فورڈ کی لیڈر سوزان ہنچکلف نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر بریڈ فورڈ کونسل کی لیڈر سوزان ہنچکلف نے صدر آزاد کشمیر کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کرکے بریڈ فورڈ کونسل کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا۔ تقریب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، تحریکی کارکنوں، ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ، کونسلر اور دیگر کمیونٹی کے سرکردہ رہنمائوں نے مل کر یوم تاسیس آزاد کشمیر کا ایک کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں سابق لارڈ میئر محمد عجیب، سابق لارڈ میئر غضنفر علی، سابق لارڈ میئر رنگ زیب، سابق لارڈ میئر محمد اقبال لیڈز، سابق ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر عابد حسین، کونسلر رضوانہ جمیل، کونسلر نصرت محمد، کونسلر ظفر علی اعوان، کونسلر اصغر قریشی، ساجد علی، کونسلر جاوید، آصف نسیم راٹھور، سابق کونسلر کنیز اختر، مولانا ساجد فراشوی، ہیری بوٹا، علی اکبر چشتی، چوہدری صغیر پوٹھی، صبیحہ خان، کلثوم اختر، شاہ محمود کھوکھر، ملک رحمت اعوان، حاجی محبوب حسین کے علاوہ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین