• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے خلاف کوئی لفظ بولنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، سینیٹر خوش بخت شجاعت

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) سینیٹر خوش بخت شجاعت (ایم کیو ایم) نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا پیارا وطن ہے اور کوئی بھی پاکستانی خواہ اردو بولنے والا ہو یا کوئی اور زبان بولنے والا ہو، وہ سب پاکستان سے پیار کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے خلاف نہ ہم سوچ سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی لفظ نکال سکتے ہیں، ’’کراچی پاکستان کی ماں ہے‘‘ ماں (کراچی) پورے پاکستان کا خیال رکھتی ہے کراچی روشنیوں کا شہر ہے اور وہاں پر رہنے والے سب سچے محب وطن ہیں، پاکستان ہماری جان ہے، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے تمام محب وطن اپنے وطن کے ساتھ زیادہ محبت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹر نیشنل فائونڈیشن آف مدر چائلڈ کیئر کی طرف سے میرپور ساکرو ٹھٹھہ سندھ پاکستان میں150بیڈز پر مشتمل ہسپتال بنانے کی تعارفی اور اپنے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب جوتنظیم کے دفتر میں منعقد ہوئی، کے موقع پر کیا، انہوں نے نعیم دادا، ڈاکٹر سلیم کے انسانی خدمت کے جذبے اور پاکستان میں دور دراز علاقے میں فلاحی ہسپتال قائم کرنے اور دیگر فلاحی منصوبے شروع کرنے پر ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہمارے ملک میں ایسے مخلص، مخیر اور انسانی فلاح کے لیے کام کرنے والوں کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں صحت اور تعلیم کو اکیلے حکومت نہیں سنبھال سکتی، اس کے لیے قومی جذبے اور عوام خصوصاً بیرون ملک رہنے والے صاحب ثروت افراد کو آگے آنا چاہیے تقریب میں ماہر اقتصادیات کرن مہتا نے کہا کہ وہ نہ تو پاکستانی ہیں اور نہ ہی مسلمان لیکن انٹر نیشنلIFMC فائونڈیشن کے فلاحی کام جو وہ کسی مذہب، ملک و قوم کے لیے نہیں بلکہ محض انسانیت کی فلاح کے لیے کرتا ہے کا حصہ اور بورڈ ممبر ہیں اور اس مقصد کے لیے پاکستان کے دیہی علاقہ میرپور ساکرو کا دورہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا اس قسم کے انسانی، فلاحی کاموں میں ہم سب کو آگے آنا چاہیے۔ فائونڈیشن کے بانی ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ انہوں نے یہ انسانی ہمدردی کا منصوبہ دکھی لوگوں کی خدمت خاص طور پر پاکستان کے دیہی علاقوں میں مائیں زچہ و بچہ کی دیکھ بھال میں عدم توجہی کو دیکھ کر شروع کیا، کیونکہ زچگی کے دوران مائیں اور نومولود مختلف وجوہات کی وجہ سے مر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سو بستروں پر مشتمل زچہ بچہ ہسپتال کا بہت جلد اختتام ہوجائے گا، پنجاب اور دیگر علاقوں میں ایسے ہسپتال کھولے جائیں گے اس کے لیے ایشیائی و دیگر غریب ممالک میں بھی فلاحی کام کریں گے۔ معروف سماجی و کاروباری رہنما نعیم دادا نے کہا کہ ہم اپنے وطن پاکستان میں، کراچی سندھ کے دور دراز علاقوں اور پنجاب، بلوچستان میں بھی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنا چاہتے ہیں، ہمارے ساتھ ڈاکٹرز، پروفیشنلز اور کامیاب بزنس مینوں کی بڑی تعداد اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی کام کرتی ہے، اپوا مانچسٹر کی سینئر رہنما درشہوار نے کہا کہ وہ پاکستان میں دکھی، نادار لوگوں کی مدد اور شعبہ تعلیم میں بیرون ملک صاحب حیثیت لوگوں کو آگے لاکر دکھی لوگوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنا چاہتی ہیں اس موقع پر جی ایم پی اے کے چیئرمین ہارون کھٹانہ، غلام حیدر مغل، فراز بھٹی، مسٹر رضا، مسز رضا، بیرسٹر عامر الیاس، ڈاکٹروں، بزنس مینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین