• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھٹا ایشین کری ایوارڈ، رائل نواب کے محبوب حسین کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

لندن (سعید نیازی) رائل نواب ریسٹورنٹس کے مالک اور ممتاز پاکستانی سماجی شخصیت محبوب حسین کو چھٹے ایشین کری ایوارڈز کی تقریب میں ریسٹورنٹس انڈسٹری میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں ’’بفٹ ریسٹورنٹ آف دی ائر‘‘ اور ایونٹ کیئر ر آف دی ائر کے ایوارڈ بھی ملے۔ اس موقع پر محبوب حسین نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈز ان کی انڈسٹری کے لیے خدمات کا اعتراف ہیں اور ان ایوارڈز کے ذریعے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے وہ اب زیادہ محنت سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بوفے ریسٹورنٹس میں لائیو کوکنگ کا جو تصور انہوں نے دیا وہ عوام میں بے حد مقبول ہوا ہے اور لوگ جتنے پیسوں میں ایک عام ریسٹورنٹ میں دو ڈشیں منگواسکتے ہیں وہ ہمارے ریسٹورنٹ میں اتنے ہی پیسوں میں درجنوں ڈشز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جوکہ ان کے سامنے بالکل تازہ تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی محنت سے عبارت ہے جس کا صلہ خدا نے انہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ریسٹورنٹس میں الکحل کی اجازت نہیں اور لوگ یہاں جتنا چاہیں کھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روایتی کھانے تو متعدد ریسٹورنٹس میں دستیاب ہوتے ہیں لیکن جو ذائقہ اور مزہ صارفین کو ہمارے ریسٹورنٹس میں ملتا ہے وہ اور کہیں نہیں ملتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ریسٹورنٹ اور کھانوں کے موجودہ معیار کو ہر صورت میں برقرار رکھیں گے۔
تازہ ترین