• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدین کی خدمت سے رزق وعمر میں اضافہ ہوتا ہے، قاضی عبدالعزیز چشتی

لندن( پ ر) مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اورسیز ٹرسٹ یو کے جنرل سیکرٹری اور جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے بانی ومہتمم علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ حقوق العباد میں سب سے پہلا حق والدین کے حقوق کی ادائیگی ہے اور جو مسلمان اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آتا ہے، ان کا ادب واحترام کرتا ہے، ان کی خدمت و تواضح کرتا ہے، ان کی ضروریات زندگی کا خیال رکھتا ہے اللہ کریم نہ صرف اس کے رزق میں برکت واضافہ فرمادیتے ہیں بلکہ اس کی عمر میں بھی اضافہ کردیا جاتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ممتاز سماجی وسیاسی رہنما راجہ اعظم خان کی والدہ مرحومہ کے لئے منعقد ہونے والی محفل ایصال ثواب اور چہلم پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ والدین اللہ کریم کا اولاد کے لئے وہ نایاب تحفہ ہے جو ان کے لئے ایک صدا بہار سایہ دار درخت کی طرح ہے جو ان کے لئے ہر لمحہ رب العالمین سے ان کے لئے دعائیں بھی کرتے ہیں اور بغیر کسی لالچ وطمع کے ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کرتے ہیں۔سابق ممبر آزاد کشمیر اسمبلی وممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد خان نے کہا کہ والدین کے ساتھ کی گئی نیکی کبھی بھی ضائع نہیں ہوتی اور اس کا اجر ظاہری زندگی میں اور اخروی زندگی میں ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ راجہ اعظم خان کی والدہ ہمارے خاندان وقبیلہ میں نہایت ہی ملنسار، محبت کرنے والی، رحم دل اور عبادت گزار خاتون تھیں اور انہوں نے اپنی اولاد کی بھی تربیت احسن طریقہ سے کی جس کا ثمر آج بھی انہیں مل رہا ہے۔لوٹن باروکونسل کے سابق میئر کونسلر محمد ریاض بٹ نے کہا کہ والدین کی خدمت کرنا اولاد پر فرض ہے اور انبیائے کرام کی سنت بھی ہے ،ہمارے آقا کریم ﷺکا بھی ارشاد ہے کہ ماں کے قدموں میں جنت ہے۔ ایصال ثواب کی محفل کے میزبان راجہ محمد اعظم خان نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو اپنے والدین کی خدمت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے دونوں جہانوں کی عزتیں اور سرفرازیاں دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ جامعہ غوثیہ ایسی مجالس کے لئے بہترین ماحول پیدا کرتی ہے جو ہمارے لئے باعث اعزاز وفخر ہے۔قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوت کی جبکہ جن دیگر نے اظہار خیال کیا ان میں کونسلر راجہ محمد سلیم، کونسلر طاہر خان ملک، پروفیسر چوہدری محمد امتیاز، پروفیسر محمد ممتاز بٹ،چوہدری محمد شریف، چوہدری محمد نثار، ملک محمد شبیر ، راجہ محمد یعقوب خان، سید حسین سرور شہید ، سید اعجاز محی الدین قادری، ملک محمد افتخار ، ملک محمد اعجاز، محمد شوکت بٹ ، سید محمد کامران بخاری، چوہدری محمد آصف، محمد مسعود رانا،ڈاکٹر طاہر محمود، ابرار میر، سید راشد بخاری ، کونسلر راجہ وحید اکبر ، سابق میئر آف لوٹن، کونسلر راجہ محمد اسلم خان، کیبنٹ ممبر غلام محی الدین ملک ایڈووکیٹ، راجہ فاروق احمد ایڈووکیٹ، چوہدری محمود اقبال، ملک محمد فہیم، شعیب ربانی، راجہ اعجاز میراں، شوکت کیانی ایڈووکیٹ ودیگر شامل تھے۔ آخر میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے فلسطین وکشمیر کی آزادی ، یٰسین ملک( کشمیری حریت پسند لیڈر)کی صحت یابی،مرحومہ کی بلندی درجات،خاندان و پسماندگان کےصبرو جمیل کیلئے دعا کرائی۔
تازہ ترین