• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں حالات نہایت سنگین ہیں، عبدالرشید ترابی

برمنگھم(پ ر) آزاد کشمیر میں وسائل کی کمی نہیں، اگر حکومتی نظام درست ہوجائے تو ہم بھی یورپ کی طرح وہاں کے عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار امیرجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر اور ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے برمنگھم میں مرسی یونیورسل کے چیرٹی ڈنر میں کیا۔ یہ چیرٹی فنڈ ریزنگ ڈنر چکسواری میں ایمبولینس پروجیکٹ کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔ جس کی صدارت برمنگھم سٹی کونسل کی سابقہ کونسلرنجمہ حفیظ نے کی۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومتوں کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں تاکہ عوام آرام اور سکون کی زندگی بسر کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے کرپشن کےتمام ریکارڈ توڑ دیئے حالانکہ وہ اپنے آپ کو عوامی حکومت کہتے تھے۔ جب تک ایسے باکردار لوگ حکومت میں نہیں جاتے جو عوام کے خادم بن کر کام کریں تب تک آزاد کشمیر میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، وہاں جب الیکشن ہوتا ہے تو عوام کرپٹ سیاست دانوں کو ہی ووٹ دے کر آگے لاتے ہیں۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں حالات نہایت سنگین ہیں بھارت کی قابض افواج ہمارے بہن بھائیوں پر ظلم وستم ڈھارہی ہیں۔ اب بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں اور پاکستانیوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں۔انہوں نے اپیل کی کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام 27اکتوبر کو انڈین ہائی کمیشن لندن پر سامنے ہونے والے مظاہرہ میں شرکت کریں اور اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں آواز بلند کریں۔ تقریب سے تحریک کشمیر کے صدر راجہ فہیم کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چکسواری ایمبولینس پروجیکٹ کے لئے بھرپور تعاون کیاجائے گا۔ اور تحریک کشمیر اس پروجیکٹ کے ساتھ تعاون کرے گی۔ چکسواری ایمبولینس پروجیکٹ کے انچارج خواجہ محمد سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت چکسواری میں ایمبولینس کا ملنا بڑا مشکل ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اب ایمبولینس کے ذریعے غریب مریضوں کا مفت علاج کروایا جائے۔ظفر قریشی نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں تین ماہ سے کرفیو نافذ ہے اور وہاں پر بچے بھوک کی شدت سے رو رہے ہیں بیرون ملک میں رہنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان مظلوموں کی ہر طرح کی مدد کریں اور ان کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔ فیسٹ برمنگھم کی نمائندہ ایبلٹن نے کہا کہ انکا ارادہ نوجوانوں کے ساتھ کام کرنا ہے اور ہمارا مقصد مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان اہم اہنگی پیدا کرنا ہے۔ مرسی یونیورسل کے نمائندے اشفاق حسین نے کہا کہ مرسی یونیورسل مقبوضہ کشمیر میں مختلف پروجیکٹ چلارہا ہے تاکہ وہاں پر عوام کو ریلیف مل سکے۔ پروگرام کے سٹیج سیکرٹری معروف شاعر افتخار جگنو تھے پروگرام کا آغاز مولانا محمد سجاد کی تلاوت کلام سے ہوا اور خواجہ محمد سلیمان ہدیہ نعت پیش کیا خواجہ ظہیرالدین نے کلام اقبال پیش کیا معروف ٹی وی آرٹسٹ لالہ قدیر نے صوفیانہ کلام ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ نجمہ حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہمارے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سلوک کررہا ہے وہ قابل مذمت ہے اور ہمیں برطانوی حکومت کو بھرپور طریقہ سے لابی کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب یو کے، اسلامک مشن کے مولانا محمد سرفراز مدنی، مولانا زبیر شاہین، مولانا محمد ریاض، منیر رضا، ادریس شریف، خواجہ انعام الحق، خواجہ عبدالرزق، خواجہ محمد اسماعیل نے بھی خطاب کیا چوہدری محمد سعید نے چکسواری ایمبولینس پروجیکٹ کیلئے شرکا سے اپیل کی۔
تازہ ترین