• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو،2نومبرکے بعدپاکستانی عوام عمران خان کو مستردکردینگے،مشاہداللہ

ٹوکیو(عرفان صدیقی)مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد بند کرنے کی کال دیکر الطاف حسین کی طرح پاکستان کے آئین سے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں جنھیں دو نومبر کے بعد عوام مسترد کردیں گے۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ الطاف حسین کراچی بند کرایا کرتے تھے عمران خان الطاف حسین سے بھی دو ہاتھ بڑھ کر  دارالحکومت بند کرانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔یہ بات مشاہد اللہ خان نے گزشتہ روز جاپان کے نریتا آئرپورٹ آمد کے بعد جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حکومت دو نومبر کو قانون کی عملداری ممکن بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما لیکس کا کیس شروع کرنے کے باوجود  عمران خان کی جانب سے دھرنے کی بات کرکے جمہوریت کے خلاف سازش کو عیاں کردیا ہے۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سنگین چیلنجز درپیش ہیں ، ایک طرف بھارت سرحدوںپر اشتعال انگیزی میں مصروف ہے تو دوسری جانب پاکستان کی ترقی کے سب سے اہم منصوبے سی پیک پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔اس سے قبل بھی عمران خان کے دھرنے سے پاکستان کو آٹھ سو آرب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا جبکہ اس دفعہ بھی ملکی معیشت کو بھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کو وہ پیشکش نہیں ملی ہوگی جو ماضی میں ملی تھی اسی لیے وہ اس دفعہ دھرنے سے دور ہیں۔مشاہد االلہ خان نے کہا کہ عمران خان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کسی بھی امپائر کی انگلی عمران کے حق میں نہیں اٹھے گی کیونکہ عوام پہلے ہی میاں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں جبکہ عمران خِان کا اصل مسئلہ اگلی دفعہ ن لیگ کی حکومت بنانے سے روکنا ہے لیکن اس کے لیے وہ غلط کھیل رہے ہیں۔
تازہ ترین