• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدعنوانی سے پاک پاکستان، قومی فریضہ کی ادائیگی کیلئے پرعزم ہیں ،چیئرمین نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی سے پاک پاکستان کیلئے انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیت، شفافیت اور میرٹ پر قومی فریضہ کی ادائیگی کیلئے پرعزم ہے، نیب کے تمام علاقائی دفاتر متعلقہ قوانین اور مروجہ طریقہ ہائے کار کے مطابق شکایات کی تصدیق، تحقیقات اور تفتیش کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ بات نیب کے مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن سسٹم (ایم ای ایس) پر تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن کے بارے میں چیئرمین کے مشیر نے نیب میں ایم ای ایس کی کارکردگی سے متعلق پیشرفت اور مستقبل میں اس کی استعداد کار و افادیت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایات پر نیب نے تمام متعلقین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مؤثر مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن سسٹم وضع کیا ہے جو شکایات کے اندراج، تصدیق، انکوائری، تفتیش، استغاثہ کے مرحلہ اور کیس کی مختصر تفصیل، کئے گئے فیصلوں اور وقت و تاریخ کے ساتھ اجلاس کے شرکاء کی فہرست سمیت علاقائی بورڈ اور ایگزیکٹو بورڈز کے اجلاسوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے سمیت ہر مرحلہ کے ڈیٹا کو برقرار اور خلاف ورزی کرنے والوں کو انتباہ پر مبنی معیاری اور عددی شکل میں اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت پر مشتمل نمایاں خوبیوں کا حامل ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نگرانی اور جانچ پڑتال کا یہ نظام متوقع نتائج اور مؤثر عملدرآمد کے ضمن میں بہت اہمیت کا حامل ہے، اس سے وسائل کے قابل قدر اور مؤثر ترین استعمال کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ای ایس پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے بھی ایک اہم انتظامی ذریعہ ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ایم ای ایس انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے معیار کو پرکھنے اور درکار تبدیلیوں کی بنیاد بھی فراہم کرتا ہے۔
تازہ ترین