• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنا روکنے اورعمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چار درخواستیں

اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری اور انہیں دھرنے سے روکنے  کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چار درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ شہریوں تسلیم عباسی ، راجہ مقصود حسین ، فیض احمد چیمہ اور محب اللہ کی جانب سے دائر درخواستوں میں وزارت داخلہ ، چیئرمین پیمرا،آئی جی اسلام آباد اور عمران خان نیازی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سرکاری ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں اشتہاری ہیں اور ایک اشتہاری شخص کیسے وفاقی دارالحکومت کو بند کر سکتا ہے۔ آئی جی اسلام آباد عمران خان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ درخواست گزاروں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ ہائی پروفائل مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت کو مطلوب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کا حکم دیا جائے اور انہیں دھرنے سے روکا جائے ، شہریوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے اور چیئرمین پیمرا کو عمران خان کے انٹرویوز اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی جائے۔ 
تازہ ترین