• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غذائیت کی کمی کا عالمی مسئلہ، غریب عوام زیادہ متاثر ہورہے ہیں، میرخلیل الرحمٰن سوسائٹی کا سیمینار

لاہور (ایم کے آر ایم ایس رپورٹ)غذائیت کی کمی ایک اہم عالمی مسئلہ ہے پوری دنیا میں 2 ارب لوگ اس میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ سال سے زیادہ اموات اس سال ہوئی ہیں اور غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں ۔ غذائیت کی کمی کا مسئلہ صرف دیہات ہی میں نہیں بلکہ شہروں میں بھی ہے پوری دنیا میں سب سے زیادہ چھوٹے قدکے(Stunted)بچے پاکستان میں ہیں۔ ہمیں دیہات اور تحصیلوں میں بھی آگاہی سیمینار کرانا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی اور پالیسی اینڈ اسٹرٹیجک پلاننگ یونٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ (پی ایس پی یو) کے زیراہتمام ’’غذائیت کی کمی ایک اہم قومی مسئلہ‘‘ کے موضوع پرسیمینارمیںکیا۔ سیمینار کی صدارت بیگم ذکیہ شاہ نواز (صوبائی وزیر ماحولیات ) نے کی ، مہمانان خصوصی صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان تھے۔ تلاوت قرآن پاک ڈاکٹر خالد محمود (پی ایس پی یو) نے پیش کی۔ حرف آغاز تشکر محمد خان رانجھا (ڈائریکٹر پروگرامز پی ایس پی یو) نے پیش کیا ۔سیمینار کے میزبان واصف ناگی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز) پروفیسر ڈاکٹر سردار فخر امام (وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی)سہیل وڑائچ (سینئر اینکر پرسن جیو ٹی وی و تجزیہ نگار)ڈاکٹر اختر رشید (پی ڈی آئی آر ایم این سی ایچ) ڈاکٹر طیب وسیم (پروفیسر آف او بی ایس اینڈ گائنی سروسز انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز) ڈاکٹر طاہر منظور (ہیلتھ سپیشلسٹ یونیسیف) ڈاکٹر نوشین حامد (ایم پی اے) ڈاکٹر عثمان جواد (ہیڈ آف فیملی میڈیسن یو ایچ ایس) ڈاکٹر ندیم ذکا (اے پی ڈی پی ایس پی یو) ڈاکٹر صبیحہ خورشید (این سی ایم این ایچ) ڈاکٹر سائرہ خان (نیوٹریشن کوارڈی نیٹر پی ایس پی یو) ڈاکٹرثمرہ عمران (ایسوسی ایٹ پروفیسر آف نیوٹریشن) شجاعت ہاشمی (سینئر ٹی وی آرٹسٹ) پروفیسر توصیف جنجوعہ (ٹیکنیکل ڈائریکٹر فوڈ فورٹیفکیشن پروگرام) شامل تھے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئےبیگم ذکیہ شاہ نواز نے کہاکہ اس طرح کے آگاہی سیمینار چھوٹے دیہات اور تحصیلوں میں بھی ہونے چاہئیں۔ تعلیم کے بغیر ہم کچھ نہیں کرسکتے، ضروری ہے کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی تعلیم یافتہ ہوں۔ جب تک ملک کی آبادی صحتمند نہیں ہوگی تب تک ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہاکہ Stunted بچے غریبوں کے ہی نہیں بلکہ امیروں کے بھی ہوتے ہیں اس لئے صحت مند غذا ضروری ہے۔ صرف حکومت کچھ نہیں کر سکتی ، عوام کو بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مسائل سے راہ فرار اختیار کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ہمیں مسائل کو حل کرنا ہے ورلڈبنک کے تعاون سے 14 ارب سے زائد کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
تازہ ترین