• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا، مختصر مدت میں مالی استحکام کا سفر شاندار ہے، سربراہ آئی ایم ایف، حکومت سنبھالی تو برا حال تھا، نواز شریف

اسلام آباد(نیوز ایجنسیز/ نمائندہ جنگ ) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) نے پاکستانی حکومت کی معاشی پالیسیوںسراہا ہے اور آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈے نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا ہے ، مختصر مدت میں مالی استحکام کا سفر شاندار ہے ، اقتصادی نمو بتدریج بڑھی ، مالیاتی خسارہ کم ہوا ہے ، افراط زر مسلسل نیچے آرہا ہے ، پاکستان اب بہتر پوزیشن میں ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کی اقتصادی بحالی اور معاشی استحکام کیلئے آئی ایم ایف کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کی پیروی کرتے ہوئے اقتصادی استحکام حاصل کیا ہے، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کا برا حال تھا ، 3؍ سال میں چیلنجز پر قابو پالیا ہے ، صنعتی اور زرعی شعبوں میں ترقی کیلئے اخراجات میںکمی کے خواہاں ہیں، سستی بجلی پر توجہ ہے ، کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ، دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا ۔ علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک کے ایک سیمینار سے خطاب میں سربراہ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ، کرپشن بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہے ، پاکستان کو ٹیکس نیٹ ورک بڑھانا ہوگا ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات مکمل کریں، پاکستان کا قرضہ بڑھ چکاہے اور یہ جی ڈی پی کے 65فیصد ہے اس کو کم کرنے کی ضرورت ہے جبکہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد جاری ہے، غریبوں کی تعداد 2؍ فیصد کم ہوئی ، زرمبادلہ کے ذخائر پانچ ماہ کیلئے کافی ہیں ، مالی خسارہ کم ‘ ترقیاتی اخراجات میں اضافہ کیا ، اقتصادی اصلاحات کا عمل مکمل کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو بین الاقوامی فنڈ (آئی ایم ایف) منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈے نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔  وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کرسٹین لاگارڈے نے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کے حوالہ سے کہا کہ یہ آپ کے سفر میں ایک شاندار قدم ہے کہ آپ نے 2 سال کی قلیل مدت میں بہتر اور ٹھوس اقتصادی پوزیشن حاصل کی ہے۔ کرسٹین لگارڈے جو پاکستان کے پہلے سرکاری دورہ پر ہیں، نے کہا کہ انہیں یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے ملک کو کئی چیلنجز سے نکالنے اور قلیل عرصہ میں اقتصادی استحکام حاصل کرنے پر پر وزیراعظم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بہتر مالیاتی پوزیشن میں ہے اور یقیناً اقتصادی بحران سے باہر ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی نمو بتدریج بڑھی ہے، مالیاتی خسارہ کم ہوا ہے جبکہ افراط زر مسلسل نیچے آ رہا ہے۔ انہوں نے ملک کے سماجی تحفظ کے مضبوط ڈھانچوں اور ٹیکس پالیسی و انتظامی اصلاحات کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم کی انتھک کوششوں سے تین سال کی قلیل مدت میں پاکستان کی معیشت بحال ہوئی ہے، ہم دہشت گردی، معیشت اور بجلی کی قلت کے بڑے چیلنجز سے کامیابی سے نبرد آزما ہو رہے ہیں جو ہمیں گزشتہ حکومتوں سے ورثہ میںملے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کے نیٹ کو توڑا ہے، ابھی بھی 2؍ لاکھ سے زائد افواج ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے پاکستان کے شمالی حصہ میں تعینات ہیں۔ افغانستان سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کیلئے مخلصانہ طور پر معاونت کر رہا ہے جو پاکستان کے مفاد میں بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے جاری کاوشوں میں توانائی کی قلت پر جلد از جلد قابو پانا اور ملک کے بنیادی ڈھانچہ اور مواصلاتی نیٹ ورک کو بہتر بنانا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت حاصل ہونے والے اقتصادی فوائد کے ثمرات نچلی سطح پر منتقل کرتے ہوئے اقتصادی نمو میں اضافہ اور پھر اسے اگلی سطح تک لے جانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صنعتی اور زرعی شعبوں کی ترقی کیلئے اخراجات میں کمی، برآمدات میں اضافہ اور پیداواری لاگت میں کمی کے خواہاں ہیں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام عالمی معیشتوں میں ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے موضوع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈے نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے باہر نکل آیا ہے، ایسا بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت ممکن ہوا۔ پاکستان اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار کیا جارہاہے ، مختصر مدت میں اہداف حاصل کرنا حکومت کی شاندار کامیابی ہے  ،قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال کامیابی کے سنہرے اصول ہیں۔
تازہ ترین