• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پیکیج، منصوبوںکے ٹینڈرز صرف میرٹ پر دیئے جائیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ یونیور سٹی روڈ بہت اہمیت کا حامل ہے اس کی تعمیر و مرمت میں تاخیر کامقصد عوام کو زیادہ تکلیف دینے کے مترادف ہے ، اگر مجھے کسی افسر کے خلاف کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو وہ نوکری پر نہیں رہے گا ،میں کام میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیوسندھ سیکریٹریٹ میں کراچی میگا پروجیکٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی ، سیکریٹری بلدیا ت رضوان اعوان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی پیکج کے کچھ منصوبوں کے ٹینڈر ابھی تک مکمل اور جاری نہ ہونے پر شدید برہمی کااظہار کیا اورسوال کیا کہ صفورہ سے یونیورسٹی روڈ کا ٹینڈر اور کراچی کے لئے اسنا ر کلز کے ٹینڈر ابھی تک کیوں نہیں ہوئے۔انہوںنے مزید کہاکہ اگر ٹینڈر دینے کے کام میں میرٹ کو نظر انداز کیا گیا تو میں ان کے خلاف سخت ایکشن لوں گا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراہ فیصل کی ایک لین بڑھانے ، فٹ پاتھ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرینج کو بھی بہتر کیاجائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بلوچ کالونی فلائی اوورمنہدم کیا جائے اور پل کے پاس سا ئیڈ کی سڑ کوں کو بھی بہتر بنایا جائے ۔اجلاس میں کراچی چڑیا گھرکو بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خالد زمان روڈ وزیر اعلیٰ ہائوس سے لے کر شاہین کمپلیکس روڈ دسمبر تک مکمل ہو جانی چاہیے۔ شاہین کمپلیکس سے لے کر ٹاور تک روڈ کو جلد مکمل کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ آئی آئی چندریگر روڈ کویک طرفہ کرنے کے متعلق پالیسی بنائیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کمال اتاترک روڈ جو سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے ہے اس کی فٹ پاتھ کو 20 فٹ سے کم کر کے 6 فٹ کیا گیا ہے اور روڈ کو بہتر کر رہے ہیں اور اس طرح فٹ پاتھ کے ساتھ 200 گاڑیاں پارک ہوسکیں گی ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ روڈ پر لگے ہوئے دروازوں کو کھول دیں لیکن سیکورٹی کا خصوصی خیال رکھیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ کراچی پیکیج کے فنڈ ز کو فوری جاری کریں ۔
تازہ ترین