• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان جوہر میں 4 سو سے زائد پلاٹوں پر قبضہ کیخلاف درخواست، انسداد تجاوزات سیل کو عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے گلستان جوہر میں واقع 4سو سے زائد پلاٹوں سے قبضہ ختم کرانےسے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے انسدادتجاوزات سیل کو ہدایت کی ہے کہ عدالتی حکم پر من وعن عمل درآمد کرایا جائے اور آئندہ سماعت تک تمام تجاوزات /ملبہ و کچرا ہٹا دیا جائے ۔ منگل کو چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے عدالتی احکامات کے باوجود گلستان جوہر کے 4سو سے زائد پلاٹوں پر قبضے اور تجاوزات سے متعلق مسماۃ طلعت اعجاز و دیگر کی توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران ایس ایس پی شرقی فیصل عبداللہ چاچڑ، کے ڈی اے افسر اسامہ آفتاب ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ غلام مصفطے مہیسر ، ڈی ایم سی شرقی ، ایس ڈی او گلشن اقبال سمیت دیگر حکام عدالت کے روبر وپیش ہوئے ، دوران سماعت ڈائریکٹر انسداد تجاوزات سیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ جگہ سے 90فیصد کچرا و ملبہ ہٹا دیا گیا ہے اور 27اکتوبر تک تما م کچرا وملبہ ہٹا دیا جائے گا ۔ جس پر عدالت نے سماعت 25اکتوبر کے لیے ملتوی کرتے ہوئے انسدادتجاوزات سیل کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک عدالتی فیصلے پر من وعن عمل درآمد کرایا جائے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا تھا کہ لیز شدہ پلاٹس کو تجاوزات میں شامل کردیا گیا ہے،زمینوں پر کچرا ڈمپ کیا جارہا ہے اور وہاں پر لینڈ مافیا کا کنٹرول ہے اس کے علاوہ کے ڈی اے ،لینڈ مافیا سے ملکر اصل الاٹیز کو قبضہ نہیں دے  رہی ہے ۔
تازہ ترین