• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال کراچی میں203ملازمین کی اگلے گریڈ میں ترقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے203ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی ہےجس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ اسپتال کے جاری کردہ آفس آڈرز کے مطابق گریڈ 2سے گریڈ 7تک کے203ملازمین کو سروس اسٹرکچر کے حساب سے مقررہ مدت پوری ہونے پر اگلے گریڈ میں ترقی دی گئی ۔ جن ملازمین کو ترقی دی گئی ان میں125 سینیٹیشن ورکرز،27سیکیورٹی گارڈز، 23نرسنگ اردلی، 8وارڈ سرونٹ ،6نائب قاصد، 4مالی ، 3باورچی ،2ڈارک روم اٹینڈنٹ، 2لیب اٹینڈنٹ ،ایک اوٹی اٹینڈنٹ اور ایک جونیئر اسٹور کیپرشامل ہے۔ سروس اسٹرکچر کے مطابق 5سے 10سال تک کی مدت پوری ہونے پر ان ملازمین کو ترقی دی گئی ہے جبکہ  طویل عرصے سے ترقی کے منتظر گریڈ 12کے سینئر کلرک کو 16ویں گریڈ(اسسٹنٹ ) میں ترقی دی گئی ہے جس کی حتمیٰ منظوری کے لئے  نوٹیفیکیشن سیکریٹری صحت کو ارسال کر دیا گیا ہے ۔ اسپتال میں طویل عرصے کے بعد اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دی گئی ہیں جس کو ملازمین نے خوش آئند قرار دیا ہے ۔ اس ضمن میں گفتگوکر تے ہوئے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد صدیقی کاکہناتھا کہ اسپتال کا مقصد مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہے جو ملازمین کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ یہی ملازمین ہیں جو دن رات ایک کرکے مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ان کے حقوق کا بھی خیال رکھا جائے اور انہی ترقی دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 203 ملازمین کو ترقی دے دی گئی ہے جو ملازمین باقی رہ گئے ہیں ان کو بھی مقررہ مدت پوری ہونے پر ترقی دے دی جائیگی۔
تازہ ترین