• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں لابنگ

لندن (جنگ نیوز) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے پیر کو پارلیمنٹ میں لابنگ کی گئی۔ اس سلسلے میں کمیٹی روم میں اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں20سے زائد اراکین پارلیمنٹ اور ہائوس آف لارڈز کے ارکان نے شرکت کی۔ اراکین پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت برطانیہ اس سلسلے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ اجلاس میں مقررین نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارتی مظالم پر سنجیدہ ردعمل کا اظہار کیا جائے اور مظالم ڈھانے والوں کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوام عالم نے اپنی مجرمانہ خاموشی نہ توڑی تو ہوسکتا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کا پرامن مظاہروں اور سیاست پر سے اعتماد اٹھ جائے۔ انہوں نے کہا کہ یٰسین ملک کوئی دہشت گرد نہیں بلکہ سیاسی قیدی ہیں، انہیں فوری طور پر علاج کی مناسب سہولتیں مہیا کی جائیں اور بہتر علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ مناسب علاج فراہم نہ کئے جانے کے سبب ان کی حالت بگڑ رہی ہے انہوں نے کہا کہ8جولائی سے مقبوضہ کشمیر کے بعض علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور فوج مظاہرین پر گولیاں برسانے کے علاوہ پیلٹ گن کا استعمال بھی کررہی ہے جس کے سبب پرامن مظاہرین کو زخمی کیا جارہا ہے۔ بھارت کی افواج نے وعدہ کے باوجود پیلٹ گن کا استعمال بند نہیں کیا ہے۔ جولائی سے لے کر اب تک115افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ 20ہزار افراد کو زخمی کیا جاچکا ہے اور300افراد نابینا ہو چکے ہیں۔ جبکہ16ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اجلاس میں جن اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی ان میں گیون شکر، کیلون ہوپکنز، لارڈ قربان، راب فیلو، لیام برائن، ٹام بریک، رچرڈ فیلر، فلپ بینی، گریتھ تھامس، فلپ ڈیوس، پال بلو مفیلڈ، لوئیس ہیگ، خالد محمود، فیبن ہمپٹن، راجر گاڈسف، یاسمین قریشی، جوڈتھ کمنگ، لارڈ میکنزی، جولی کوپر اور دیگر شامل تھے جبکہ اجلاس سے صابر گل، عظمت خان، ڈاکٹر مسفر، غلام حسین، ارشاد ملک، نجیب افسر، شمع نذیر اور طاہر بوستان شامل تھے لابی میں دیگر کشمیری جماعتوں کا تعاون بھی شامل تھا۔
تازہ ترین