• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر نے توقعات پوری کیں،فتح بولرز کی مرہون منت ہے،مصباح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شیخ زایداسٹیڈیم کی سلو وکٹ پر بیس وکٹیں حاصل کرنا آسان کام نہیں تھا۔بولروں کو وکٹیں کے حصول میں سخت محنت کرنا پڑی۔ منگل کو ویسٹ انڈیز کو 133رنز سے ہرانے کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وکٹ پر بیس وکٹیں حاصل کرنا بہت بڑی بات ہے۔ ہمیں یہ بات پتہ چل گئی کہ اس وکٹ پر اپنے بولروں کو کس طرح استعمال کرکے میچ جیتا جاتا ہے۔ مصباح الحق نے اپنے بولروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلو وکٹ پر انہوں نے بہت اچھی بولنگ کی۔ پاکستا ن نے شیخ زاید اسٹیڈیم میں گیارہویں ٹیسٹ میں آٹھویں فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہ اس وکٹ پر کسی بھی ٹیم کو آئوٹ کرنا بہت بڑا چیلنج تھا اور بولر توقعات پر پورا اترے۔ یاسر شاہ نے210رنز دے کر دس وکٹ حاصل کئے۔ مصباح کہتے ہیں کہ یاسر ہمارے میچ ونر ہیں اور انہوں نے اس بار بھی توقعات پوری کیں۔ اس وکٹ پر بیس وکٹیں لینا ہمالیہ سر کرنے کے مترادف تھا۔یہاں کی وکٹیں سلو ہونے کی وجہ سے آپ اپنی پلاننگ کوبہت زیادہ تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔ مصباح نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ میں بھی اپنے آپ کو منوایا اب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جارہے ہیں وہاں بھی اپنے آپ کو منوائیں گے۔ دونوں سیریز مشکل ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ امارات میں ہمیں ایسی وکٹوں کی ضرورت ہے جس پر اسپنرز کے لئے مزید مدد ہو۔اسپنرز ہماری قوت ہیں۔یاسر شاہ ورلڈ کلاس اسپنر ہے لیکن پچ بے جان تھی۔ فالو آن نہ کرانے کہ وجہ بھی یہی تھی کہ بولروں کو آرام ملے۔اس میچ میں یاسر نے67 اوورز بولنگ کی۔
تازہ ترین