• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلباء و طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر جاوید اقبال

کوئٹہ(اسٹا ف رپورٹر) جامعہ بلوچستان کے شعبہ فائن آرٹس میں گورنمنٹ گرلز پولی ٹیکنیک کالج کی طالبات کی سات روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب شعبہ فائن آرٹس میں منعقد ہوئی ۔ جس کے مہمان خصوصی جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال تھے۔ جس میں شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر اکرم دوست، پرنسپل پولی ٹیکنیک کالج ، جامعہ کے رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گرلز پولی ٹکنیک کالج کے شعبہ فیشن ڈیزائننگ کی طالبات نے اپنی ڈیزائننگ، کشیدہ کاری اور پوسٹرز آویزاں کئے تھے۔ وائس چانسلر نے تمام طالبات کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات کے کام کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے جنہوں نے اپنے کام سے ثابت کیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔ صوبے کے طلباء و طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ جن کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ جامعہ بلوچستان صوبے میں طلباء و طالبات کے لئے اہم درسگاہ ہے۔ جس میں مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم، تربیت کے مواقع فراہم کئےجاتے ہیں اور پولی ٹیکنیک گرلز کالج کی طالبات نے اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کردیا کہ وہ بہتر سے بہترین کام کرسکتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں رہنمائی اور مواقع مہیا کئے جائیں۔ اس حوالے سے ہمارے دروازے صوبے کے طلباء و طالبات کے لئے کھلے ہیں وہ یہاں آکر علمی، تحقیقی، تربیتی سرگرمیوں سے استفادہ کریں اور اپنی تعلیم کو آگے بھی جاری رکھیں ،جامعہ بلوچستان ہر حوالے سے اپنی رہنمائی اور تعاون جاری رکھے گی۔تقریب سے ڈاکٹر اکرم دوست نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائن آرٹس ایک اہم شعبہ ہے اور اس شعبہ کی معاشرے میں ضرورت ہے جس میں روزگار کے وسیع مواقع ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے کو فروغ دیا جائے۔۔ پرنسپل پولی ٹیکنک گرلز کالج نے جامعہ بلوچستان کے تعاون اور کاوشوں کو سر اہتے ہوئے کہا کہ ہماری طالبات نے سات روزہ تربیتی پروگرام سے بہت کچھ سیکھا اور حاصل کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی جامعہ بلوچستان اسی طرح ہماری رہنمائی اور تعاون جاری رکھےگی۔
تازہ ترین