• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران طبقے نے ملک کو بحرانی کیفیت میں مبتلاکردیا ہے، ورکرز کنفیڈریشن

کوئٹہ(اسٹا ف رپورٹر) پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان کے صدر محمد رمضان اچکزئی، چیئرمین خان زمان، جنرل سیکریٹری عبدالمعروف آزاد،سینئر نائب صدر ضیاء الرحمن ساسولی ، نائب صدرحاجی عزیز اللہ،وائس چیئرمین بشیر احمد رند ، سیکریٹری نشر و اشاعت عابد بٹ اور دیگر نے پولیس ٹریننگ کالج سریاب روڈ کوئٹہ میں61 نوجوان پولیس اہلکاروں کو بے دردی سے شہید کرنے اور 130 کے قریب نوجوانوں کو زخمی کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ملوث لوگ انسان ہیں نہ ہی مسلمان اور بلوچستان میں یہ حملہ ملک دشمنوں کی طرف سے ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب کرے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک کواندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور نااہل اور کرپٹ حکمران طبقے نے حالات کو بہتر بنانے کی بجائے ایسے مسائل پیدا کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے ملک بحرانی کیفیت میں مبتلا ہو چکا ہے عام شہریوں کی زندگیاں غیر محفوظ ہیں اور صوبے میں 08 اگست کے سانحے کے بعد 24 اکتوبر کے سانحے نے بھی پر امن شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 98 فیصد شہری اپنے ملک اور صوبے میں ہم آہنگی اور محبت کے رشتے سے رہنے کے عزم پر پختہ یقین رکھتے ہیں لیکن بیرونی آقائو ں کے ایجنٹ اور اندرونی خلفشار سے فائدہ اٹھانے والے عناصر سے باز پرس نہ ہونے کی وجہ سے امن تباہ ہو رہا ہے ملک بالخصوص صوبہ بلوچستان میں انصاف ناپیدہو چکا ہے ۔ انہوں نے ان پے درپے واقعات کے شہیدوں کی بھرپور مالی مدد کرنے ، ان کے بچوں کو زندہ رہنے کیلئے وسائل دینے اور ان واقعات میں ملوث اندرونی و بیرونی عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
تازہ ترین