• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں مشرف دور کی لسانیت پر مبنی حلقہ بندیاں ختم کی جائیں ،قادر مگسی

ٹھٹھہ(نامہ نگار) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ کراچی میں نئے سرے سے حلقہ بندیاں  کی جائیں  کراچی میں مشرف دور میں نسل پرستی اور لسانی سوچ کی بنیاد پر حلقہ بندی کی گئی تھی۔لسانیت کو ہوا دینے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے ایم کیو ایم پر پابندی عائد کی جائے، وفاق، ایجنسیوں اور عالمی  سفارت خانوں کی کراچی کی سیاست میں مداخلت ختم ہونے تک کراچی میں امن  قائم نہیں ہو گا، کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شفاف طریقے سے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے۔ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے  انہوں نے مزید کہا کہ  عشرت العباد جس دن سندھ کے گورنر تعینات ہوئے تھے ہم نے احتجاج کیا تھا، آج ان کے ساتھی ان کے خلاف سلطانی گواہ بنے بیٹھے ہیں۔عمران خان کو مشرف کابینہ کے ممبران کے مشورے پر چلنے کے بجائے اپنے جمہوری کردار پر نظر ثانی کرنا چاہیے، من پسند تبدیلی لانے کے لیے ملکی دار الحکومت کی ناکہ بندی کرنے کے منفی اثرات مرتب ہونگے، اقتصادی راہداری میں سندھ کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی دی جائے،  انہوں نے کہا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں سندھی زبان کو لازمی قرار دیا جائے، ڈاکٹر قادر مگسی نے سانحہ  کوئٹہ میں  شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر امتیاز سموں، ناتھو خان بروہی و دیگر موجود تھے۔ 
تازہ ترین