• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان اور بھارت میں پاکستان کے خلاف نیٹ ورک کام کر رہا ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان اور بھارت میں پاکستان کے خلاف نیٹ ورک کام کر رہا ہے ‘دہشتگردی کے اکا دکا واقعات ہورہے ہیں جن پر قابو پانے میں کچھ وقت لگے گا‘دشمن ابھی 100 فیصد ختم نہیں ہوا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکاکہناہے کہ عوام روز روز جنازے اٹھا کر اب مایوس ہو رہے ہیں اور ان کی یہ مایوسی درست ہے‘ ہر واقعہ کے بعد ہم کچھ دن الرٹ رہتے ہیں‘ ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو ایک انٹرویومیں خواجہ آصف کاکہناتھاکہ بارڈر مینجمنٹ کافی حد تک مکمل کر چکے ہیں ٗ سرحد کو مکمل محفوظ بنایا جائے گا‘ کوئٹہ حملے کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں ٗ پاکستان کیخلاف افغانستان اور بھارت کا نیٹ ورک کام کر رہا ہے‘دہشت گردی پر ستر سے اسی فیصد قابو پا لیا ہے ‘ پاکستان کو اندرونی اختلافات کو ختم کر دینا چاہیے ٗتمام سیاسی قوتوں سے ڈیڈ لاک توڑنے کے لیے تیار ہیں۔  دریں اثناءمنگل کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہاکہ پہلے دہشت گرد اندر سے حملے کرتے تھے‘ اب سرحد پار سے کارروائی کرتے ہین‘ ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے‘ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار ملتے ہیں‘ اگر سکیورٹی میں کوتاہی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے‘انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج عملی زندگی میں داخل ہو رہے ہیں‘انہیں انصاف کرنا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوتا ہے‘انصاف انصاف تو ہر کوئی کرتا ہے۔
تازہ ترین