• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ دہشت گردی، عالمی برادری کی طرف سے مذمت، بھارت افغانستان کا پرانا راگ

اسلام آباد‘ واشنگٹن(نمائندہ جنگ /نیوز ایجنسیز) عالمی برادری نے دہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 61افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ امریکا ‘ چین ‘فرانس ، ایران اورجاپان کی جانب سے تعزیتی پیغامات جاری کئے گئے ۔ منگل کو ایک بیان میں امریکی محکمہٴ خارجہ نے کہا ہے کہ اِس مشکل لمحے میں ہم پاکستانی عوام اور حکومتِ کے ساتھ کھڑے ہیں‘ترجمان جان کربی نے کہاکہ دہشت گردی کے خطرے سے نبردآزما ہونے کے سلسلے میں ہم پاکستان اور خطے کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے‘ہم جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار ِہمدردی کرتے ہیں جن میں پولیس کیڈٹس شامل ہیں جو عوام کی خدمت کے کیریئر سے وابستہ ہیں۔ادھر وائٹ ہاؤس نے بھی سانحہ کوئٹہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔وائٹ ہاؤس کے نیشنل سکیورٹی آفس سے جاری بیان میں امریکا نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہماری دعائیں اوردل اس بزدلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں ‘ان میں سے بیشتر افراد پاکستانی عوام کی سکیورٹی کیلئے تربیت لے رہے تھے ۔ امریکا خطے میں پرتشددانتہاپسندی کے خاتمے ‘امن ‘سکیورٹی اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتاہے۔مزیدبرآںفرانسیسی حکومت نے ایک بیان میں کہاہے کہ فرانسیسی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلام آبادکے شانہ بشانہ ہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔نمائندہ جنگ کے مطابق چین نے بھی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے‘منگل کو اسلام آباد میںچینی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک تعزیتی پیغام کے مطابق چین  نے دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے‘ بیان میں کہاگیاہے کہ چین ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے ‘چین دہشت گردی کے خلاف جنگ ‘ملکی استحکام  اور عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
تازہ ترین