• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا احتجاج، شرکت کے معاملے پر مذہبی جماعتوں میں اختلافات

اسلام آباد (فخر درانی) اسلام آباد بند کرنے کیلئے احتجاج میں شرکت کے حوالے سے مختلف جماعتوں میں اختلافات ابھر کر سامنے آگئے ہیں اور صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت پی ٹی آئی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔ تاہم، اگر کالعدم مذہبی جماعتوں بشمول جماعۃ الدعوۃ، جمیعت علمائے اسلام پاکستان (سمیع الحق گروپ) نے اس احتجاج میں شرکت کی تو وہ اپنی پارٹی کی حمایت سے دستبردار ہوجائیں گے۔ دوسری جانب، شیخ رشید احمد نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مولانا سمیع الحق کو حکومت مخالف احتجاج میں شرکت کیلئے رضامند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جماعۃ الدعوۃ کے متعلق یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ احتجاج میں شرکت کرے گی یا نہیں لیکن وہ مولانا سمیع الحق کو ضرور رضامند کر لیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید کے دعوے کے برعکس کہا کہ انہوں نے دفاعِ پاکستان میں شامل کسی بھی مذہبی جماعت کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے اور نہ ہی آئندہ دنوں میں ایسا کچھ کیا جائے گا۔ جب ان سے شیخ رشید کے دعوے کے معتلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی اپنی جماعت ہے اور ممکن ہے کہ وہ اپنی پارٹی کی طرف سے مولانا سمیع الحق کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ تاہم، پی ٹی آئی کی جانب سے دفاعِ پاکستان کونسل میں شامل کسی بھی مذہبی جماعت کو شرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے دی نیوز سے بات چیت کتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے بات چیت کے بعد ان کی جماعت نے اسلام آباد احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور ہم صرف فیصل آباد سے ہی احتجاج میں شرکت کیلئے 35 سے 40 ہزار لوگ لے کر آئیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہر شخص ہماری سڑکوں کی طاقت کو جانتا ہے اور ہم صرف فیصل آباد نہیں بلکہ گجرانوالہ، جہلم، منڈی بہاؤ الدین اور دیگر اضلاع سے بھی لوگ لے کر آئیں گے۔
تازہ ترین