• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستونگ، فائرنگ سے سینٹرل جیل گڈانی کے حوالدار سمیت 4 افراد جاں بحق

مستونگ(نامہ نگار) نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے سینٹرل جیل گڈانی کے حوالدار سمیت4افراد جاں بحق۔ جوابی کارروائی پر ایک حملہ آور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل گڈانی کے حوالدار نصیراحمد بنگلزئی، محمد جان بنگلزئی، عبدالرزاق بنگلزئی، علی احمد بنگلزئی اور خلیل احمد بنگلزئی بازار سے اپنے گھر کلی خواصام جارہے تھے کہ بس اڈے کے قریب دو نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے نصیراحمد، محمد جان، عبدالرزاق اور علی احمد موقع پر جاں بحق جبکہ خلیل احمد شدید زخمی ہوگیا اور جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آورزخمی ہوگیا جو اپنے دوسرے ساتھی کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو ہسپتال پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد چاروں لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ زخمی کو مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کردی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
تازہ ترین