• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق کو حق کہنا اور باطل کو ردکرنا زندگی کے اعلیٰ اصول ہیں، جامعہ کراچی میں جلسے میں تقاریر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اہل بیت اطہارؓ کی محبت عین ایمان ہے۔قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی میں مثبت تبدیلیاں لا تا ہے، مسلمانوں کی پستی ،رسوائی اور زبوں حالی کی اصل وجہ کتاب اللہ اورسنت نبوی ؐ سے دوری ہے۔حضرت امام حسین ؓ نے قیامت تک ظلم وجبر کا راستہ بند کردیا ہے۔’’واقعہ کربلا‘‘ کے وقوع پذیر ہوئے صدیاں گزرگئیں مگر ذہنوں اور دلوں میں امام کے ایثار،صبر اورعزم صمیم کو لازوال دوام حاصل ہے ۔کربلا آکر حسین زندہ جاوید ہوگئے جس کی زمانے نے بھی قدر ومنزلت کی امام ساری دنیا کے محبوب ورہنما ہیں ان کا غم زمانہ یا صدیوں کا محتاج نہیںبلکہ غم حسین آج بھی تازہ ہے۔ہمیں دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کے لیے فاروق اعظمؓ و امام حسینؓ کی سیرت و کردار کو اپنانا ہوگا۔حق کو حق کہنا اور باطل کو براکہنا زندگی کا بہترین اصول ہے جس سے معاشرہ میں برابری کا توازن قائم رہتاہے اور یہی بات حضرت امام حسینؓ نے کربلا کے میدان میں اپنی جان کی قربانی دے کر ہمیں سمجھائی۔ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، علامہ مولانا سید مظفر حسین شاہ ،پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری ،اور علامہ قاضی احمد نورانی نے سیرت مصطفیؐ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام بعنوان’’اہلِ بیت اطہار سے محبت اور ہماری زندگی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض ڈاکٹرخالد جمال نے دیئے۔ اس موقع پر پروگرام کے منتظمین محمد احمد قادری، رئیس الحسن اورعبید الحسن بھی موجود تھے۔ پروگرام اساتذہ ،طلبہ اور غیرتدریسی عملے کی کثیر تعداد موجودتھی۔
تازہ ترین