• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کوئٹہ کیخلاف وکلا نے یوم سوگ منایا، ہڑتال کے باعث مقدمات کی سماعت ملتوی

خیرپور+جیکب آباد+ڈہرکی(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) سانخہ کوئٹہ کے خلاف وکلا برادری کی جانب سے گزشتہ روز یوم سوگ منایا گیا جبکہ ہڑتال کے باعث مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی گئی تفصیلات کے مطابق خیرپور۔کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گرد حملے کے خلاف خیرپو رمیں وکلاء نے مکمل ہڑتال کی اور کورٹ کمپلیکس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہر ے کے دوران وکلاء نے دہشت گردی مردہ آباد ،پاکستا ن زندہ آباد کے نعرے لگائے۔ وکلاء کی ہڑتال کے باعث عدالتوں میں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ وکلا رہنماؤں نثار احمد بھنبھرو ایڈووکیٹ ،ارشاد علی سولنگی ،عبدالوحید بھنبھرو اور دیگر نے کہاکہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے سے پہلے دہشت گردوں نے کوئٹہ میں وکلاء کو نشانہ بنایا اب پاک فوج کے کیپٹن سمیت پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا ہے جس پر تمام محب وطن افراد میں تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنانے کے واقعے کی وہ بھرپور مذمت کر تے ہیں۔سنی رابطہ کونسل سندھ کے صدر غازی پریل شاہ نے کہاہے کہ ملک دشمن جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے۔ پاک فوج رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو نشانہ بنانے والی تنظیمیں بھارتی ایجنڈہ پر کام کر رہی ہیں اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر کالج پر حملہ دہشت گر دی کا بڑا واقعہ ہے جس کی ہم مذمت کر تےہیں۔جیکب آباد۔سیاسی سماجی دینی تنظیموں کے رہنماؤں نے سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ سانحہ کوئٹہ میں غفلت برتنے پر صوبائی حکومت فوری طور پر مستعفی ہوجائے۔ جمعیت علمائے اسلام کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔سماجی تنظیم سی ڈی ایف کے جان اوڈھانو نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرکے ملوث دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے حماد اللہ انصاری نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ہماری حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان بار کونسل کی اپیل پر سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر واقعے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ وکلاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ٹنڈوالہ یار۔سنی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کلیم اللہ خان قائم خانی ارو دیگر نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کے ذریعے بھی پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے پر پوری قوم افسردہ ہو ہے۔ڈہرکی۔ کوئٹہ پولیس لائن ٹرینگ سینٹرمیں ہونے والے بم دھماکے اور فائرنگ کے انتہائی افسوسناک و قابل مذمت واقعے پر ڈھرکی میں سوگ وخوف و ہراس کی صورت حال ی ہے۔ بم دھماکے کے واقعے کی وکلاء برادری، صحافی برادری ، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، اسمال ٹریڈرز سمیت دیگر سیاسی و سماجی پارٹیوں نے شدید مذ مت کی ہے ۔نوابشاہ۔امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ کنور راشد مکر م نے کہا ہے کہ پولیس ٹریننگ سینٹر پرحملہ کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ کاروائی ہے کوئٹہ میں ہونے والا و اقعہ قومی ایکشن پلان کے تحت جاری دہشتگردی کے خلاف کاروائیوں کو سبو تاژکرنے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے جبکہ یہ واقعہ حکومتی نااہلی کو بھی ظاہر کرتا ہے کیونکہ اس سے قبل بھی کوئٹہ میں وکلا ءکو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ہنگورجہ۔فنکشنل مسلم لیگ کے ایم این اے پیر سید کاظم علی شاہ لکیاری نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس سینٹر پر حملہ بزدلانہ حرکت ہے دہشتگردوں کے خلاف قوم کو پاک افواج کے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ دہشتگرد اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی وہ ہنگورجہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔میرپورخاص۔کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف وکلاء برادری نے بدھ کو یوم سوگ منایا۔اس موقع پر وکلاء نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے المناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا ئیں مانگی اور پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
تازہ ترین