• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کا انکشاف

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کا انکشاف ہوا یہ تمام بھرتیاں اشتہار اور ٹیسٹ کے بغیر براہ راست کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز کی بنیاد پر کی گئی ہیں جن کی تعداد 41بتائی جاتی ہے بھرتی ہونے والوں مین چار سبجیکٹ اسپیشلیسٹ، ایک سینئر پبلیکیشن افیسر، چار اسسٹنٹ سبجیکٹ اسپیشلیسٹ، ایک لائبریرین، ایک پروف ریڈر، سات جونیئر کلرک اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔ وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کے سکریٹری ڈاکٹر طارق نے کہا کہ انھیں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں ہونے والی بھرتیوں کا علم نہیں یہ بھرتیاں ان سے پہلے ہوئی ہوں گی، چیرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ ہی اس وقت یہ بات بتا سکتے ہیں۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیرمین ذاکر شاہ جن کے پاس اسپیشل سکریٹری محکمہ تعلیم کے عہدے کا بھی چارج ہے نےکہا کہ بورڈمیں کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز موجود نہیں ہیں اور نہ ہی انھوں نےاپنے دور میں کوئی بھرتی کی ہے تاہم حد درجہ قابل اعتماد ذرایع کے مطابق بورڈ میں کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کی تعداد 41ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے دور میں بھی سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں خلاف ضابطہ بھرتیاں ہوچکی ہیں۔
تازہ ترین