• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج ہونے والے برسلز مارچ کیلئے بیرسٹر سلطان کی عوا می رابطہ مہم جاری

بولٹن(نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصٓاف کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں روک سکتا، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے، بین الاقوامی برادری اس کے خلاف کارروائی کرے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری حقوق انسانی کی خلاف ورزیاں بند کردے، ان خیالات کااظہار انہوں  نے آج برسلز میں ہونے والے ملین مارچ کے حوالے سے برطانیہ میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں برسلز سے مانچسٹر ائرپورٹ پہنچنے پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کا یہ سفر چند سالوں کی بات نہیں بلکہ یہ گزشتہ دو صدیوں سے جاری ہے جس میں گزشتہ چار ہفتوں سے مزید تیزی آگئی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک تسلسل سے اپنے حق خود ارادیت کے لئے قربانیاں پیش کررہے ہیں ان کے حوصلہ میں کوئی کمی نہیں آئی وہ بھارت کے شرمناک ظلم وتشدد کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بھارتی افواج اور دیگر بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے کشمیریوں پر جاری تشدد کو سرکاری دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ہے ،جہاں ریاستی انتظامیہ کی عمل داری برائے نام ہوکر رہ گئی ہے انہوں نے کشمیری قائدین کی نظر بندی اور بالخصوص یٰسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر اپنی تشویش کااظہار کیا اور انہیں علاج کے لئے بیرون ملک بھجوانے کے لئے ایمنسٹی انٹر نیشنل سمیت انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں انہوں نے بیرون ملک آباد کشمیریوں سے کہا کہ وہ جہاں اور جس بھی ملک میں آباد ہیں انہیں چاہئے کہ وہ کشمیریوں کی مظلومیت اور محکومیت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔
تازہ ترین