• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس کے تکنیکی نکات پر اعتراض نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سعد رفیق

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق یہ لوگ اسلام آباد میں بڑا ہنگامہ کرناچاہتے ہیں، بے شک ہماری تلاشی لی جائے لیکن ہم سے منشیات کی پڑیاں برآمد نہیں ہوں گی،ہمارا ڈی این اے ٹیسٹ کا کوئی پرابلم نہیں ہے، ن لیگ نے پاناما پیپرز کیس کے تکنیکی نکات پر اعتراض نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم چاہتے ہیں پاناما کیس کا فیصلہ جلد سامنے آئے اور دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔عمران خان کی جائیداد بے نامی، اولادبے نامی،آف شور کمپنیوں کے یہ بانی، پھر کس طرح یہ باتیں کرتے ہیں، عمران خان، علیم خان اور باقی رہنماؤں کی جامہ تلاشی کا وقت آگیا ہے،عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ثبوت ہیں،جلد کارروائی شروع کردیں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی اورقائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ بھی شریک تھے۔خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کی باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا ہوں، عمران خان لاکھ مجھے برا کہیں مگر میری کوشش ہوگی کہ برے کو بھی اچھا کہوں، ایسی تلخ باتیں نہیں کرنا چاہتا جس سے کوئی اور فائدہ اٹھائے، خراب سیاسی صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے،اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی کے ہاتھوں استعمال نہ ہو۔عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کسی غیرسیاسی تنظیم سے دھرنے میں شرکت کیلئے رابطہ نہیں کیا ہے، حکومت عمران خان اور جہانگیر ترین پر الزامات لگانے کے بجائے تحقیقات کرے، پاناما پیپرز کی تحقیقات عدالت کرنا عدالت کا کام نہیں،یہ کام حکومت کو کرنا تھا۔خواجہ سعد رفیق نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس دو نومبر کو اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، پی ٹی آئی پچاس لاکھ آبادی کی زندگی اجیرن کرنا چاہتی ہے جس کا انہیں کوئی حق نہیں ہے، وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت کا خیرمقدم کیا ہے، ن لیگ نے پاناما پیپرز کیس کے تکنیکی نکات پر اعتراض نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم چاہتے ہیں پاناما کیس کا فیصلہ جلد سامنے آئے اور دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانات دھمکی آمیز ہیں، ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق یہ لوگ اسلام آباد میں بڑا ہنگامہ کرناچاہتے ہیں، عمران خان کے ارادے پچھلے دھرنے سے زیادہ خطرناک ہیں ،حکومت صورتحال سے نپٹنے کیلئے تمام آپشنز پر غور کررہی ہے، اس صورتحال سے عہدہ برآء ہونے کیلئے سیاسی جماعتوں بشمول اپوزیشن سے مشاورت کریں گے۔
تازہ ترین