• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا دھرنا سپریم کورٹ کیخلاف ہے، جانے والے الٹے پائوں بھاگیں گے، فضل الرحمٰن

پشاور(نیوز ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا دھرنا نواز شریف کیخلاف نہیں سپریم کورٹ کیخلاف ہے، اسلام آباد جانے والوں کو الٹے پائوں بھاگنا ہو گا، بلبلوں اور غباروں کیلئے سوئی کی نوک کافی ہے،پاناما لیکس کا معاملہ ہو تو کہتے ہیں تحقیقات سپریم کورٹ کرے،اپنے صوبے میں خیبرلیکس کی تحقیقات ہائیکورٹ سے بھی کرانے کو تیار نہیں، کرپشن کی تحقیقات ان سے کرائی جن پر کرپشن کے الزامات ثابت ہوچکے تھے، ”گو “کی باتیں جانیں دیں،چور مچائے شور نہیں بننے دیں گے،کرپشن کا شور کرنے والوں کا اپنا صوبہ کرپشن کی بلند ترین سطح کو چھورہا ہے، تنقید کرنے والے بڑے تیس مارخان بن رہے ہیں،پہلے اپنے صوبے میں کچھ کر کے دیکھائیں،انسانیت کا خون اتنا ارزاں ہو گیا پانی بھی اس سے مہنگا ہے، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی بن کر کیا ملا؟۔ پشاور میں پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانافضل الرحمن نے کہاکہ پاکستان کی ترقی شروع ہوگئی ہے توکچھ لوگ قومی وحدت کوسبوتاژکررہے ہیں ایک طرف بھارت ہے جو کشمیریوں کو گولیوں سے چھلنی کر رہا ہے، کچھ لوگ عجیب عجیب باتیں کررہے ہیں ، احتجاج نواز شریف کیخلاف نہیں سپریم کورٹ کیخلاف ہے دراصل یہ احتجاج سپریم کورٹ سے مرضی کا فیصلہ لینے کیلئے ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اسلام آباد جانے والے جتنی تیزی سے جائیں گے اسی تیزی سے واپس آئیں گے، یہ بلبلے ہیں ان کے لئے سوئی کی نوک کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتے ہیں، جبکہ کرپشن کی بلند ترین شرح ان کی صوبائی حکومت ہے۔ گو کی باتیں نہ کرو،جانے نہیں دیں گے،تمہیں چور مچائے شور نہیں بننے دیں گے۔مولانافضل الرحمن نے کہا کہ برصغیر کے تمام اکابرین نے دین اسلام کو پھیلایا،انسانیت کا خون اتنا ارزاں ہو گیا ہے کہ پانی بھی اس سے مہنگا ہے، افغانستان کو کھنڈر بنا دیا گیا ہے، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی بن کر کیا ملا؟
تازہ ترین