• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اوربھارت مسئلہ کشمیر مذاکرات سے طے کریں، برطانوی وزیراعظم

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مے نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے طے کریں۔مسئلہ کشمیر کے بارے میں برطانیہ کی پالیسی وہی ہے جو ہماری پہلی حکومتوں کی رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ ہے اور ان کو یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے طے کرناچاہئے۔  انھوں نے یہ بات رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے جاری قتل عام، پیلٹ گن کے ذریعہ ان کو بینائی سے محروم کرنے اور حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانے اور برطانیہ کو مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے برطانیہ کی ذمہ داریاں یاد دلانے کے جواب میں کہی۔ دارالعوام میں وزیر اعظم کے وقفہ سوالات کے دوران یاسمین قریشی نے ارکان پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں ،نہتے کشمیریوں کے قتل عام اورپیلٹ گن کے ذریعے سیکڑوں نوجوانوں، بچوں اور خواتین کو بصارت سے محروم کرنے کی وجہ سے پیداہونے والی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا، یاسمین قریشی نے وزیر اعظم اور ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ بھارت منظم انداز میں کشمیریوں کاقتل عام کررہاہے اورگزشتہ3ماہ کے دوران 150سے زیادہ افراد کو شہید کیاجاچکاہے۔600افراد بصارت سے محروم اور 1600 سے زیادہ زخمی  ہوچکے ہیںجن میں بہت سوں کی حالت نازک ہے،سیکڑوں کو غائب کردیاگیا ہے، مسلسل کرفیو اور بھارتی فوج کی چیرہ دستیوں کی وجہ سے خوراک اور دوائوں کی شدید قلت پیداہوگئی ہے۔
تازہ ترین