• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے،لینڈ و اسٹیٹ سے متعلق نئی اصلاحات کی منظوری

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصرعزیز نے لینڈ و اسٹیٹ کے حوالے سے نئی اصلاحات کی ا صولی منظوری دے دی ہے ۔ سی ڈی اے میں کوئی بھی پراپرٹی رئیل اسٹیٹ ایجنسٹس کی تصدیق کے بغیر ٹرانسفر نہیں ہوسکے گی، ڈیلرز سی ڈی اے کے ساتھ رجسٹرڈ ہونگے فیملی ٹرانسفر کے کیسوں میں بی سی ایس اور ریونیو کے این او سیز ختم کردئیے گئے ہیں جبکہ این ڈی سی سرٹییفکیٹ کی مدت تین ماہ سے بڑھا کر چھ ما ہ کردی گئی ہے چیئرمین نے دوماہ سے متاثرین کو بند پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کرکے الاٹمنٹ کے لیے نئے ایس او پیز کی تیاری کے بھی احکامات جار ی کردئیے ہیں ۔ فیصلہ میئر اسلام آباد کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے تین چیئرمینوں پرمشتمل کمیٹی اور اسلام آباد سٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی تیارکردہ سفارشات پر کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصرعزیز نے اسلام آباد سٹیٹ ایجنٹس کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد لینڈ و اسٹیٹ کے لیے متعدد نئی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے جن کے تحت اسٹیٹ ایفیکٹیز کے ریکارڈ کو فوری طورپر کھولنے اور الاٹمنٹ کے عمل میں مزید شفافیت لانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ شیخ انصرعزیز نے اسلام آبا اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطالبے پر راجہ وحید الحسن ، سردار مہتاب احمد خان اور فرمان مغل پر مشتمل تین رکنی ٹیم تشکیل دی تھی جس نے اسلام آبا داسٹیٹ ایجنسٹس ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عبدالروف اور جنرل سیکرٹری ارشد محمود عباسی کے ساتھ مذاکرات کیے اور سی ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ ایفکیٹز و ون ونڈو آپریشن میں بہتری کے لیے اپنی سفارشات مرتب کیں۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں سی ڈی اے میں رہائشی و تجارتی جائیدادوں کی منتقلی کے لیے مجسٹریٹ کی تصدیق کو ختم کرکے ڈیلرز / رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کی تصدیق کو لازم قرار دیا ہے تمام رجسٹرڈ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کی معاونت کے بغیر جائیداد ٹرانسفر نہیں ہوسکے گی اس مقصد کے لیے ڈیلرز سی ڈی اے کی ون ونڈو کے ساتھ رجسٹرڈ ہونگے سفارشات میں ڈیلرز کی رجسٹریشن کروانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ متاثرین کی نئی الاٹمنٹ کی بھی اجازت دے دی گئی ہے تاہم الاٹمنٹ کے عمل کو پہلے سے زیادہ شفاف بنانے کے لیے نئی کمیٹی کی تشکیل اور ایس او پیز بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ میئر نے کمیٹی کی سفارشات پر ون ونڈ و پر کیفے ٹیریا بنانے کی بھی منظوری دے دی ہے ۔
تازہ ترین