• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج عمرہ گائیڈ ایکٹ کابینہ سے منظور ہوگیا‘ سردار یوسف

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے حجاج کرام کی نیک نیتی کے ساتھ خدمت کی ہے‘ رواں سال بہتر حج انتظامات فراہم کرنے پر عوام کے وزارت مذہبی امور کے حوالے سے غلط تاثرات میں تبدیلی آئی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حج عمرہ گائیڈ ایکٹ بنایا گیا ہے جو کابینہ سے منظور ہوگیا ہے تاہم پارلیمنٹ سے منظوری کے لئے جلد پیش کردیا جائے گا‘ آئندہ حج کے موقع پر حجاج کرام کی تکالیف کو مزید دور کرنے اور انہیں سہولیات فرہم کرنے کے لئے سعودی حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔ حج آرگنائزیشن گروپ کے تمام مسائل دور کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ 2016  کے حج کی شاندار کامیابی پر حج آپریٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حج و عمرہ ایکٹ کابینہ سے پاس ہوا ہے جلد اسے پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے امسال بہتر حج انتظامات پر وزارت حج کے ملازمین کو چار ماہ کی تنخواہیں دینے کا اعلان کیا ہے اور مدینہ میں بھی ڈائریکٹر حج کی اسامی کی منظوری دی ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہاکہ امت کے بچوں کو بے حیائی کی تربیت دینے اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر بیہودہ زبان استعمال کرنے اور بچیوں کو نچانا کون سا انصاف ہے۔ ہماری بچیاں پردے کے بغیر گھروں سے باہر نہیں نکلتیں‘ عمران خان یہاں پر یہودیوں کی ترجمانی کر رہا ہے کیونکہ اس نے برطانیہ میں لندن کے میئر کے انتخاب میں فیصل آباد کے پاکستانی شہری کی حمایت کی بجائے ایک یہودی کی حمایت میں لندن میں جلسے کئے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف جتنے بھی دھرنے کرلے نواز شریف 2018تک وزیراعظم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح رواں سال بہترین حج انتظامات کئے گئے تھے اسی طرح توقع ہے 2017 کا حج پہلے سے بہتر ہوگا۔ حج آرگنائزر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثناء اللہ نے اس موقع پر حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے اپنی سفارشات پیش کیں۔
تازہ ترین