• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہارہ کہو سکیم میں زمین منظور کردہ نقشے سے کم دی گئی، سینٹ قائمہ کمیٹی

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) سینیٹ قائمہ کمیٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی کی صدارت میں  ہونے والے اجلاس میں سینیٹر محمد اعظم خان موسیٰ خیل کی طرف سے ایوان بالا میں بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم  کی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے زمین کی خریداری کی منظوری کے سوال اور ذیلی کمیٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کی رپورٹ کا ایجنڈا زیر بحث آیا۔ سینیٹر اعظم خان موسیٰ خیل نے کہا کہ خرید کردہ زمین میں ڈیڑھ ارب کی بدعنوانی کی گئی۔ 3244 کنال زمین کا نقشہ سی ڈی اے نے  پہلے منظور کیا بعدازاں نقشے میں زمین میں کمی کیوں واقع ہوئی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں نیب کی رپورٹ ، گرین ٹری کے مالک کی شکایات ، زمین میں کمی ، متبادل زمین کی فراہمی ، بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم تک سو فٹ سڑک کیلئے درکار50 کنال زمین ، گرین ٹری اور فائونڈیشن کے درمیان ہونے والے اصل معاہدے میں پیش رفت کی ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن تفصیلی رپورٹ دیں۔ چیئرمین کمیٹی  نے فائونڈیشن کی جانب سے نیب میں بطور ضمانت جمع کرائے گئے 68 کروڑ روپے کے پے آرڈر کی قانونی حیثیت کا سوال اٹھایا۔ ڈائریکٹر جنرل فائونڈیشن نے آگاہ کیا کہ گرین ٹری کے اعتماد کیلئے نیب میں چیک بطور ضمانت رکھا گیا ہے۔ سرکاری رقم محفوظ ہے۔ سینیٹر سجاد حسین طوری نے کہا کہ قومی خزانے کو 40 لاکھ ماہانہ نقصان ہو رہا ہے۔ سینیٹر سعید الحسن مندوخیل نے کہاکہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد ہو تو زمین مالکان کا بھی نقصان نہیں ہوگا۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ہائوسنگ سکیم کے ممبران اور رقم جمع کرانے والوں کو ملکیت پلاٹ کی فراہمی کیلئے قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل فائونڈیشن نے قائمہ کمیٹی اور ذیلی کمیٹی کی کاوشوں اور کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ فائونڈیشن معاملے کو حل کرنے کی خواہشمند ہے۔ ذیلی کمیٹی کی وجہ سے سی ڈی اے کے اعتراضات دور ہو گئے ہیں۔ زمین مالک نے ایکسپریس وے سے انگوری روڈ تک سڑک کیلئے زمین فراہم کرنی ہے۔ آٹھ سوکنال پہاڑی علاقے کی متبادل زمین کا انتقال کروانا ہے۔ نیب کے ساتھ زمین مالک کی موجودگی میں مذاکرات ہو رہے ہیں۔ حل کیلئے پیش رفت جاری ہے۔ گرین ٹری کے حفیظ عباسی نے کہا کہ آٹھ سو کنال متبادل زمین کی فراہمی کیلئے تیار ہوں اصل بنیادی معاہدے کی شرائط پوری کر کے کل ادائیگی کی جائے۔ سی ڈی اے ریگولیشنز کے تحت معاہدے کے مطابق پلاٹ فراہم کرنے کا پابند ہوں۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ہائوسنگ فائونڈیشن کے تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے بقیہ زمین کے انتقال زمین مالک کے واجبات کی ادائیگی ، زمین کا موقع پر قبضہ اور بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم میں فائونڈیشن کے ترقیاتی کام کے جلد آغاز کیلئے سینیٹر سعید الحسن مندوخیل کی سربراہی میں سینیٹر ز شاہی سید اور سجاد حسین طوری مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دی۔ جس کے اجلاس میں محرک سینیٹر اعظم خان موسیٰ خیل ، ڈائریکٹر جنرل نیب ، ڈی جی ہائوسنگ فائونڈیشن، گرین ٹری کے مالک شرکت کریں گے۔
تازہ ترین