• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلی ویجز اورکنٹریکٹ اساتذہ کا مطالبات کی حمایت میں دوسرے روز بھی دھرنا

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ٹیچرز نے اپنے مطالبات کی حمایت میں بدھ کو بھی نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ مظاہرین نے حکومت کیخلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر احسان اللہ بنگش نے کہا کہ حکومت ڈیلی ویجز/کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرے، نان ٹیچنگ سٹاف کو جون جولائی کی تنخواہ ادا کی جائے، کنٹریکٹ ملازمین کی 22ماہ کی تنخواہوں کی جلداز جلد ادائیگی کی جائے۔ اُنہوں نے مطالبہ کہا کہ ریگولرائزیشن  مکمل ہونے تک کم از کم تنخواہ 35سے 40ہزار اور نان ٹیچنگ سٹاف کی 20سے 25ہزار روپے مقرر کی جائے،تمام ڈیلی ویجز/کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے اور انکے علاوہ نئی بھرتیوں کے اشتہارات بند کئے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نان ٹیچنگ سٹاف کو جون اور جولائی کی تنخواہ بھی دی جائے کیونکہ انہوں نے اداروں میں ڈیوٹی انجام دی ہیں جبکہ ٹیچنگ سٹاف کو بھی جون جولائی کی تنخواہیں دی جائیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میٹرنٹی لیو اور دیگر چھٹیوں کی تنخواہ سے کٹوتی نہ کی جائے ۔
تازہ ترین