• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے معاشی اصلاحات کے پروگرام کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کو قابل مبارکباد قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر کرپشن کو ملک میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی آمد میں بنیادی رکاوٹ قرار دیا ہے۔گزشتہ روزا سلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن حقیقت ہو یا محض تاثر اسے لازماً ختم ہونا چاہیے۔ پہلی بار پاکستان کے دورے پر آنے والی آئی ایم ایف کی سربراہ نے منگل کو اپنے دورے کی تکمیل پر ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ پاناما ہو یا بہاماس لیکس، احتساب اور شفافیت ہی آگے بڑھنے کا بہتر راستہ ہے۔پاکستان کے لیے اپنے ادارے کے پروگرام کے مکمل ہوجانے کے باوجود انہوں نے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور وسیع معاشی امکانات کو بروئے کار لانے میں پاکستان کی حمایت نیز پالیسی مکالمہ اوررفاقت کاری جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں نے پاکستان کو اس بات کا سنہری موقع فراہم کردیا ہے کہ نجی شعبے میں مزید روزگار کے مواقع پیدا کرکے معاشرے کے تمام طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کا اہتمام کیا جائے جس کیلئے کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ دنیا کے اہم ترین مالیاتی ادارے کی سربراہ کا یہ اظہار خیال بلاشبہ حقیقت کی بالکل درست عکاسی ہے۔یہ ملک خدادداد ہر قسم کی مادّی دولت اور افرادی قوت مالا مال ہے تاہم اس کی خاطر خواہ ترقی میں خیانت اور بدعنوانی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔اس مرض کا شافی علاج اس کے سوا کچھ نہیں کہ تمام معاملات میں شفافیت کا مکمل اہتمام کیا جائے۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب ملک میں ترقی یافتہ ملکوں کی طرح عوام کو تمام اطلاعات تک رسائی کا مکمل حق دیا جائے اور تمام اہم فیصلوں میں پارلیمنٹ کو پوری طرح شریک رکھا جائے۔ یہ اہتمام یقیناًپاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے راستے کی رکاوٹوں کو دور کرنے کا سبب بنے گا لہٰذا اس سمت میں تمام ضروری اقدامات جلد از جلد عمل میں لائے جانے چاہئیں۔


.
تازہ ترین