• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مونگ پھلی کے امپورٹ پرمٹ کا اجرأ روکدیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مونگ پھلی کے درآمد کنندگان کو امپورٹ پرمٹ کا اجراء روک دیئے جانےکی وجہ مونگ پھلی کی درآمد رک گئی ہے اور مقامی مارکیٹ میں مونگ پھلی کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے اس سلسلے میں کراچی چیمبر آف کامرس نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے درآمد کنندگان کے ساتھ غیر امتیازی سلوک اور امپورٹ پرمٹ کا اجراء روکنے کا نوٹس لیتے ہوئے درآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصانات سے بچانے کی درخواست کی ہے۔کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپوکی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مونگ پھلی کے درمدکنندگان کو امپورٹ پرمٹ کا اجراء روک دیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس بار مونگ پھلی کی فصل خراب ہونے کی وجہ سے مقامی پیداوار معمول سے10ہزار ٹن رہی جبکہ مقامی طلب ڈیڑھ لاکھ ٹن ہے۔ مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے نومبر سے فروری تک4ماہ کے دوران ایک لاکھ 25ہزار ٹن مونگ پھلی چین،افریقی ممالک،امریکا سمیت تقریباً 8ممالک سے درآمد کی جاتی ہے تاہم محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مقامی تاجروں کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کا بہانہ بناتے ہوئے درآمد کنندگان کو امپورٹ پرمٹ کااجراء بند کردیا ہے جس کی وجہ سے درآمدکنندگان کے پہلے سے طے شدہ سودے منسوخ ہونے کا اندیشہ ہے ۔محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے درآمدکنندگان کو خدمات فراہم کرنے کے بجائے کاروبار کا حصہ بنتے ہوئے پرانی آئی پی بھی جاری کیں ۔کے سی سی آئی کے صدر نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ مونگ پھلی کی درآمد بند ہونے اورمقامی پیداوار میں کمی کی وجہ سے صرف ایک دن میں چھلکے اور بغیر چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت میں 35روپے سے 100روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت100روپے سے بڑھ کر200روپے فی کلو فی کلو جبکہ بغیر چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت215روپے سے بڑھ کر250روپے فی کلو ہو گئی ہے ۔
تازہ ترین