• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی فائرنگ سے بس ڈرائیور زخمی، ٹرانسپورٹرز اور علاقہ مکینوں کا احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عبداللہ کالج کے قریب پولیس نے رشوت دینے سے انکار پر بس ڈرائیور کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا،واقعے کے بعد ٹرانسپورٹر اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ،پولیس نےفائرنگ میں ملوث 4اہلکاروں کو حراست میں لے لیا تاہم پولیس حکام نے اہلکاروں کو بچانے کے لیے واقعے کو اتفاقیہ قرار دیا ہے،تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے عبداللہ کالج اور بنارس پل کے قریب پولیس اہلکار ناکہ لگا کر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ میں مصروف تھے کہ اچانک پولیس نے ایک منی بس G.27کو روک کر تھانے چلنے کی ہدایت کی جس پر ڈرائیور 30سالہ روزی خان نے انکار کردیا پولیس نے ڈرائیور سے 500روپےرشوت طلب کر تے ہو ئے دھمکیاں دینا شروع کردیں اس دوران ڈرائیور اور ایک اہلکار کی آپس میں تلخ کلامی ہو گئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، پولیس اہلکار عابد نے بس ڈرائیور روزی خان کو گولی ماردی ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین اور دیگر ٹرانسپورٹر موقع پر جمع ہو گئے اور زخمی ڈرائیور کو اسپتال منتقل کرنے کے ساتھ پولیس گردی کے خلاف شدید احتجاج شروع کردیا جس کے نتیجے میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا ،دوسری جانب واقعے کی اطلاع پر اعلی حکام موقع پر پہنچ گئے اور فائرنگ کرنے والے اہلکار عابد سمیت 4اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ، ایس ایچ او شاہجہان لاشاری کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈرائیور روزی خان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور واقعہ جھگڑے کے بعد اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا ہے ،پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔
تازہ ترین