• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ واقعے کے باوجود حکام سپر لیگ فائنل لاہور میں کرانے کیلئے پرامید

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں دھشت گردی کی حالیہ واردات کے باوجود پاکستان سپر لیگ کے منتظمین پر امید ہیں کہ لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل پروگرام کے مطابق ہوگا۔ فروری میں قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی جانب پہلا قدم قرار دیا جارہا ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل منتظمین نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے اور یہاں کرکٹ میچ کھیلنے کے لئے معاہدے پر دستخط کرالئے ہیں۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر غیر ملکی کھلاڑی کو بیس ہزار ڈالرز ایڈوانس ملیں گے اور انہیں مکمل انشورنس کور بھی حاصل ہوگا۔ کرکٹرز کو لاہور میں غیر ملکی سر براہان کے مساوی سیکیورٹی ملے گی۔ غیر ملکی کھلاڑی بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آخری وقت پر کوئی غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے سے انکار کرتا ہے تو معاہدے میں یہ شق رکھی گئی ہے کہ اس غیر ملکی کھلاڑی سے کسی اور غیر ملکی کھلاڑی کو تبدیل کردیا جائے گا۔ منتظمین نے فرنچائز مالکان سے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور لانے کے لئے زور ڈالیں۔ فائنل میچ میں ہر صورت میں چار چار غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ڈرافٹ کے بعد کرکٹرز کو جو نئے معاہدے دیئے جائیں گےاس میں لاہور آنے کی شق بھی شامل ہے۔
تازہ ترین