• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کا ملبہ ہیڈ کوچ پرگرگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی کا ملبہ ہیڈ کوچ پر گرگیا، کپتان ثنا میر عہدہ بچانے میں کامیاب ہوگئیں۔ ہیڈ کوچ محتشم رشید کو بر طرف کردیا گیا ہے۔ چند ماہ قبل محتشم رشید کے بڑے بھائی ہارون رشید کو قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹاکر ملازمت سے فارغ کردیا گیا تھا۔ پاکستان اے ٹیم کے سابق کوچ اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کو ٹیم کی کارکردگی بہتربنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ فارم اور فٹنس مسائل میں گھری ہوئی ثناء میر کو ون ڈے کی کپتانی پر برقرار رکھا گیا ہے۔ محتشم رشید گذشتہ پانچ سال سے پاکستان ٹیم کے کوچ تھے۔جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کی منظوری سے نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے پاکستان ویمنز ٹیم اور آفیشلز کا اعلان کردیا۔ پاکستان ٹیم دورے میں پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ ون ڈے ٹیم کے لئے ثنا ء میر کو کپتان اور بسمہ معروف کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ٹی 20 ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔ جویریہ ودود نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسماویہ اقبال، ندا راشد ڈار، آمنہ امین، سعدیہ یوسف، ماہم طارق، سیدہ نین عابدی، ناہیدہ بی بی، عائشہ ظفر، سدرا نواز (وکٹ کیپر)، عالیہ ریاض، ارم جاوید اور ڈائنا بیگ۔ آفیشلز میں باسط علی ہیڈ کوچ، عائشہ اشعر منیجر، اعظم خان بیٹنگ کنسلٹنٹ، رفعت اصغر گل فزیو تھراپسٹ، ابرار احمد ٹرینر اور محمد زبیر احمد ویڈیو انالسٹ شامل ہیں۔
تازہ ترین