• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان خانہ جنگی پیدا کرنے سے گریز کریں، حمزہ باسط بٹ

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر حمزہ باسط بٹ نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی حملوں اور بے بنیاد الزامات لگاکر ملک میں خانہ جنگی جیسی کیفیت پیدا کرنے سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، بھارت سرحدوں پر جنگی ماحول بناکر نہتے عام عوام کو شہید کررہا ہے اور ایل او سی پر بدترین فائرنگ کررہا ہے جب کہ ملک میں دہشت گردوں نے کوئٹہ کے حساس علاقے میں65تربیتی پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا ہے۔ حمزہ باسط بٹ نے رشلم ویمزلو روڈ پر عمران خان کے الزامات کے حوالے سے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما پاکستانی قوم کو مزید الجھنوں میں نہ ڈالیں اور پرامن راستہ اختیار کریں، پانامہ کا معاملے پاکستان کے سب سے بڑے ادارے سپریم کورٹ میں ہے، اسے قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے حل ہونے دیں تاکہ جمہوریت مستحکم ہوسکے، انہوں نے کہا کہ بلا ثبوت الزامات لگانا اور ثبوتوں کے نام پر کاغذ لہرانا عمران خان کی عادت بن چکی ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) گریٹر مانچسٹر کے صدر چوہدری قمر بھٹی اور مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی رہنما محبوب خان نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی مسلسل الزام تراشیوں کو ملک کی ساکھ کو خراب کرنے کی بھونڈی کوشش قرار دیا۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے خلاف برطانیہ میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
تازہ ترین