• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہ محرم امام حسینؓ اور رفقاکی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، پروفیسر ترمذی

نیلسن (پ ر) صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ و یورپ پیر پروفسیر سید احمد حسین ترمذی نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام امام حسینؓ کی بے مثال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ یہ مہینہ اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ اسلام کیلئے ایک سچا مسلمان جان و مال سے بے نیاز ہوکر بے فکری سے لڑتا ہے اور اپنی ہر شے کو راہ خدا میں قربان کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ بھی اپنا محبوب بنا لیتاہے اور دنیا میں بھی وہ زندہ و جاوید رہتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد غوثیہ میں شہداء کربلا کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتےہوئے کیا، انہوں  نے کہا کہ جب بھی صبر و ایثار تسلیم و رضا اور باطل کےسامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرأت بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔ شہدائے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کےخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کےساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کریں تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہوسکے۔ دیگر مقررین نے امام عالی مقامؓ کی زندگی پرتفصیل سے روشنی ڈالی۔ آخر میں پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے امت مسلمہ اور بالخصوص وطن عزیز پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں کیئے خصوصی دعا کروائی۔
تازہ ترین