• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان معاملات پارلیمنٹ میں طے کریں، عبدالرزاق چوہدری

برمنگھم (پ ر)مرکزی جمعیت اہلحدیث برطانیہ کے رہنما عبدالرزاق چوہدری نے پاکستان کی غیریقینی سیاسی صورتحال پر کہا ہے کہ عمران خان کو الزامات در الزامات اور جارحانہ رویہ ترک کرکے تمام معاملات پارلیمنٹ کے اندر طے کرنے چاہئیں، اعلیٰ ایوان کے باہر دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے ملک عزیز میں بے چینی، افراتفری اور بدامنی کو فروغ ملے گا، سڑکوں کی سیاست ملکی ترقی وخوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ عبدالرزاق چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی دراصل عوام کی سیاسی حاکمیت کی آئینہ دار ہے اسی وجہ سے جمہوری ریاستوں میں قانون ساز ادارے کو حکومت کے باقی دونوں شعبوں سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ ترقی پذیر ملک میں تدبر، مفاہمت اور برداشت کے جذبے سے ہی سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر سیاسی جنگ قانون اور دستور کے اندر رہ کر لڑیں اور 20کروڑ عوام کی دانشمندانہ حکمت عملی سے رہنمائی کرکے وطن عزیز کی سالمیت اور تعمیروترقی پر بھرپور توجہ دیں، جمعیت اہلحدیث کے رہنما نے کہا کہ قانون اور دستور کا تحفظ نہ کرنے والی قومیں ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتیں، انتشار کی سیاست سے خوشحالی ممکن نہیں۔
تازہ ترین