ہائی وکیمب(پ ر)چیئرمین ویکمب ڈسٹرکٹ کونسل محبوب حسین بھٹی نے سانحہ کوئٹہ پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے 61شہید اہلکاروں کے ایصال ثواب اور ایک سو بیس سے زائد زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ نے پورے پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک میں آباد تمام لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ لوگوں میں اندرون ملک اور بیرون ملک اب یہ تاثر جڑ پکڑ رہا ہے کہ پاکستان میں لاء آرڈر کی حالت کافی بہترہوئی ہے مگر اس سانحہ سے اس تاثر کی کافی نفی ہوئی جو بہت افسوسناک بات ہے۔ چیئرمین محبوب بھٹی نے کہا کہ حکومت پاکستان افواج دہشت گردی کے خلاف زبردست کامیابیاں حاصل کررہے ہیں اور پور ی قوم ان کے شانہ بشانہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایک بار پھر امن کی اماجگاہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ذمہ داروں کے خلاف بھرپور قوت سے کارروائی ہونی چاہئے تاکہ ایسا دوبارہ کرنے کی کوئی جرأت نہ کرسکے۔ چیئرمین محبوب حسین بھٹی نے پوری سیاسی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر اور ملک کو در پیش مسائل کا ادراک کرتے ہوئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ بین الاقوامی سازشوں کا مقابلہ ہو سکے ورنہ اس طرح قوم ان سانحات کا شکارہوتی رہے گی۔