• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ و جدل سے کشمیری عوام کو غلام نہیں رکھا جاسکتا، شاہ غلام قادر

مظفرآباد(نامہ نگار)  قائمقام صدر آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ پوری قوم نے یکجہتی اور اتحاد سے یوم سیاہ منا کر ثابت کر دیا ہے کہ آزاد ی کشمیر کے حصول سے انھیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ ظلم وبربریت کا دور جلد ختم ہو گا اور انھیں آزادی کی نعمت ملے گی ۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر کی ویلی میں نہتے شہریوں پر پیلٹ گن اور کالے قانون کا استعمال بند کر دے ۔ قید حریت قیادت کو  رہا کرے ۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جس قدر جلد ممکن ہو ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 1947ء میں بھارت کی جانب سے کشمیر میں فوجیں اتارنے کے موقع پر کشمیر ی عوام کی جانب سے منائے جانے والے یوم سیاہ کی مناسبت سے کیا۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ مظالم اور جنگ و جدل سے کشمیر ی عوام کو غلام نہیں رکھا جاسکتا۔ تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں  جن کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے۔ 3ماہ سے جاری کرفیو سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی کھانے پینے کی اشیاء ادویات سمیت ہر بنیادی سہولت سے محروم کر دیا گیا ہےجس کا کوئی قانونی واخلاقی جواز نہیں انھوں نے کہا کہ مظالم پر پردہ ڈالنے کے لیے بھارت نے سیز فائر لائن پر بلا جواز فائرنگ کاسلسلہ شروع کر رکھا ہے تاکہ دنیا کو بے خبر رکھا جاسکے۔ قائمقام صدر آزادکشمیر نے شہدا کوخراج عقیدت اور کشمیر ی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے مشن میں وہ تنہا نہیں آزادکشمیر پاکستان سمیت پوری ملت اسلامیہ ان کے ساتھ ہے ان کی سنہری قربانیوں کے باعث عالمی برادری بیدار ہوچکی ہے۔ اب زیادہ دیر تک بھارت کشمیر پر اپنا تسلط برقرار نہیں رکھ سکے گا آزاد ی انھیں مل کر رہے گی۔ قائمقام صدر آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے یوم سیاہ بھرپور طریقے سے مناکر مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کو مسترد کرتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم نو کیا ہے ۔
تازہ ترین