• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظفرآباد، بھارت کیخلاف خواتین کا مظاہرہ،اقوام متحدہ دفتر تک مارچ

مظفرآباد (نامہ نگار)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبری قبضہ کیخلاف آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے‘ اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ  اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا پتلا نذر آتش کیااوریادداشت بھی پیش کی۔ مظفرآباد میں سنٹرل پریس کلب کے سامنے خواتین کی بڑی تعداد نے بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے‘۔ احتجاجی مظاہرہ کے بعد یو این آفس تک مارچ بھی کیا‘ مارچ کی قیادت ممبر اسمبلی نسیمہ وانی نے کی جبکہ ریلی میں خواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ریلی میں ممبر قانون ساز اسمبلی نسیمہ وانی‘ شوکت کشمیری‘ قاری بلال فاروقی‘ ڈاکٹر محمد یونس میر‘ رفیق لون کے علاوہ خواتین مظاہرین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اکتوبر1947 کا دن کشمیری عوام کے لئے سیاہ ترین دن ہے۔جب بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی آواز کو دباتے ہوئے اپنی فوجیں کشمیر میں اتاریں اور ریاست کے نصف سے زائد حصے پر غاصبانہ قبضہ کر لیا ۔ بھارت جب 1947کو کشمیریوں کو اپنے ساتھ ملانے میں ناکام ہوا تو اس نے جبراً کشمیر میں اپنی فوجیں اتار دیں اور کشمیریوں کو ان کے آزادانہ حق رائے دہی سے محروم کردیا اور اب تک بھارت نے کشمیر کو اٹوٹ انگ ثابت کرنے کے لئے کشمیر میں8لاکھ سے زائد افواج تعینات کررکھی ہے۔آزاد خطہ کے غیور عوام نے 1947میں اپنا علاقہ مہاراجہ کے جبرسے اپنی قوت بازوئوں سے آزاد کرایا اور بھارت پر واضح کیا کہ ریاست کا بقیہ حصہ جب تک آزاد نہیں ہو جاتا وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔بھارت جب بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رہنے پر راضی نہ کرسکا تو اس نے جموں وکشمیرمیں کالے قوانین متعارف کرائے۔اور دہشت گردی کے نام پر کشمیر ی عوام کو نشانہ بنایا۔انہوںنے مزید کہا کہ بھارت نے وادی کو خون میں نہلا رکھا ہے‘ کشمیری بھارتی جبری قبضہ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور اقوا م عالم سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوا م متحدہ سے اپیل کررہے ہیں کہ انہیں ان کا پیدائشی حق دلوایا جائے تاکہ خطہ میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ دریں اثناء ریلی سنٹرل پریس کلب سے نکالی گئی جو یو این آفس کے باہر اختتام پذیر ہوئی‘ نسیمہ وانی نے اقوا م متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی اور بھارتی وزیر  خارجہ سشما سوراج کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔
تازہ ترین