• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے سیاسی مشاورتی اجلاس

اسلام آباد(آصف علی بھٹی )وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے سیاسی مشاورتی اجلاس میں تحریک انصاف کے 2نومبرکے دھرنے اور اسلام آبادبندکرنے کے منصوبے کوناکام بنانے کےلئے تین نکات پرمشتمل موثر جوابی حکمت عملی طے کر لی گئی ‘اس حوالے سے حکومت نے تمام آپشن کھلے رکھنے کا فیصلہ کیاہے‘ذرائع کے مطابق مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئےکہ وفاقی دارالحکومت کو بند نہیں کرنے دیا جائے گا،شہر کو کھلا اور پرامن رکھنے کے لیے ہر قانونی وآئینی آپشن استعمال کیا جائے گا جس میں انتظامی سطح کے اقدامات شامل ہیں ،وفاقی دارالحکومت کے شہریوں  کے معمولات زندگی اور دفتری کاموں کو جاری رکھنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل  بروئے کار اور عمل درآمد کے لئےموثر کارروائیوں کے لئے تمام آپشن کھلے رکھے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دھرنے کے  شہر میں امن قائم رکھنے ،شہریوں کی حفاظت اور اہم  آئینی‘ سیاسی اور حساس اداروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے ممکنہ اقدامات سے آگاہ کیا ‘وزیراعظم کو 3وزراء پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی نے پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں اور اتحادیوں کے ساتھ رابطوں پر بریفنگ دی ‘اس موقع پروزیراعظم نے اسحاق ڈار اور دیگر وزراء کو  مذاکرات کی کوششیں  جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ذرائع کا کہناہےکہ اجلاس میں عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کرنے اور خلاف ورزی کی صورت میں آئینی اقدامات کی حکمت عملی بھی  وضع کرلی گئی ہے‘حکومت نے قانونی، آئینی اور سیاسی  لائحہ عمل کی تین نکاتی حکمت عملی پر فوری عمل کرنے کا فیصلہ کیاہے‘ذرائع کا کہناہے کہ وفاقی حکومت نےاحتجاج کے سیاسی حق کو نہ دبانے کا آپشن واضح طور پر کھلا رکھاہے اور اس حوالے سے قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق احتجاج کرنے والوں کو نہیں روکا جائے گا بلکہ رائیونڈکی طرز پر کمٹمنٹ کے ساتھ کسی مخصوص جگہ پر پرامن احتجاج کی اجازت دی جاسکتی ہے‘وزیراعظم نوازشریف کا کہناہےکہ سیاست میں عدم برداشت کی پالیسی اختیار کی نہ کسی کو کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے،عوام اور قومی اداروں کی حفاظت کی ذمہ داری ہرسطح پر ہرصورت کی پوری جائے گی ۔
تازہ ترین