• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب صرف پاناما لیکس کی آف شور کمپنیوں تک محدود نہیں رہنا چاہئے‘خورشید شاہ

اسلام آباد(احمد نورانی)حزب اختلاف کے رہنما سید خورشید شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ احتساب تمام آف شور کمپنی مالکان کا ہونا چاہیئے۔انہوں نے اس بات پر ذور دیا کہ احتساب کا دائرہ کار صرف پاناما لیکس میں منظر عام پر آنے والی آف شور کمپنیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیئے۔اس سے پہلے آف شور کمپنیوں سے متعلق 5 پٹیشن میں سے 4 میں بھی یہی کہا گیا تھا کہ ایسے آف شور کمپنیاں جو پانا ما لیکس میں سامنے آئی ہیں یا کسی اور لیکس میں سامنے آئی ہیں ان میں امتیاز کیے بغیر سب کے خلاف یکساں کاروائی کی جائے۔مختلف حلقوں کی جانب سے بار بار درخواست کے باوجود  عمران خان اب تک تیار نہیں کہ وہ  اپنی آف شور کمپنی ’’نیازی سروسز لمیٹڈ‘‘ کی سالانہ اکائونٹ تفصیلات سامنے لائیں۔ ان کے ترجمان نعیم الحق اور ان کے لندن کے اکائونٹنٹ طاہر نواز بارہا وعدے کرتے رہے کہ وہ عمران خان کی آف شور کمپنی کے اکائونٹ کی تفصیلات 1983 سے 2015 تک میڈیا کو فراہم کریں گے۔تاہم باربار یاددہانی کےباوجود نیازی سروسز لمیٹڈ کے اکائونٹ کی تفصیلات میڈیا کو فراہم نہیں کی گئی۔پاناما لیکس میں بہت سے پاکستانیوں کے نام سامنے آئے تھے، جنہوں نے بیرون ممالک ٹیکس اثاثے بنائے ہوئے تھے، ان میں وزیر اعظم کے خاندان کے بھی تین افراد کے نام شامل تھے۔
تازہ ترین