• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا امکان، پی ٹی آئی اراکین نے استعفے جمع کروا دئیے

پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلئے استعفوں پر دستخط کردئیے ہیں جسکا اعلان اسلام آباد دھرنے کے دوران آخری آپشن کے طور پر کئے جانے کا امکان ہے جبکہ صوبہ کی اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کی تحلیل کا راستہ روکنے کیلئے وزیر اعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک تیار کرکے اس پر31ممبران نے دستخط کرلئے ہیں جو  وزیر اعلیٰ کی جانب سے گورنر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھجوانے سے قبل جمع کرائی جائے گی، تحریک  عدم اعتماد جمع کرانے کی صورت میں اس پر 14دن میں رائے شماری کرائی جائے گی ، شکست یا عدم اعتماد کی تحریک واپس لینے کی صورت میں اپوزیشن آئندہ 6ماہ تک دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع نہیں کراسکے گی ، ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی ہدایت پر خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کیلئے اپنے ارکان سے استعفے طلب کرلئے ہیں جس پر صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے دو درجن سے زائدارکان نے دستخط کرکے اپنے تحریری استعفے جمع کرادئیے ہیں ، اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اورپارلیمانی سیکرٹری حاجی فضل الہیٰ خان نے تصدیق کرتے ہوئے’’ جنگ‘‘ کو بتایا کہ پارٹی قیادت کے ہدایت پر ان سمیت پارٹی کے دو درجن سے زائد ممبران صوبائی اسمبلی نے اپنے تحریری استعفے پارٹی کے پاس جمع کرادئیے ہیں کیونکہ اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کا اعلان متوقع ہے انہوں نے بتایاکہ  تحریک انصاف کے ارکان عمران خان کے سپاہی ہیں جو ان کے ایک اشارے پر اسمبلی رکنیت چھوڑنے کیلئے تیار ہیں، ادھر خیبر پختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کا راستہ روکنے کیلئے وزیر اعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور تحریک عدم اعتماد پر مطلوبہ31ارکان نے دستخط کرلئے ہیں، مذکورہ تحریک عدم اعتماد وزیر اعلیٰ کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی صورت میں جمع کرائی جائے گی، تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے 14دن کے اندر کسی بھی وقت اس پر رائے شماری کرائی جاسکے گی ۔
تازہ ترین